بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

نوازشریف کی آمد کا مطلب کاروبار کا چلنا، صنعت اور تجارت کا دوبارہ زندہ ہونا ہے،مریم نواز

لاہور: مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نوازنے کہاہے کہ نوازشریف کا ایجنڈا معیشت کی بحالی، قرض پر چلنے والی معیشت اور عوام کو مہنگائی سے چھٹکارا ہے ۔مریم نواز سے ایف پی سی سی آئی کے نمائندوں نے ملاقات کی۔اس موقع پر مریم نوازشریف نے پاکستان کی معاشی بحالی کے لئے پارٹی قائد نوازشریف کے وژن سے کاروباری برادری کو آگاہ کیا۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) نے اکنامک لبرالائزیشن، پرائیویٹائزیشن اور ڈی ریگولیشن کی پالیسیوں پر عمل کیا ،نوازشریف میثاق معیشت کو تعبیر دے گا، اداروں کی پھر سے تعمیر کرے گا ۔انہوں نے کہاکہ بیوروکریسی ،ایف بی آر کی اصلاح کریں گے، نیب کے انتقام کا خاتمہ کر کے کاروباری برادری کے تحفظات دور کریں گے، 90 کی دہائی سے 2013 سے 2018 تک کے وزیراعظم نوازشریف کے ہر دور میں پاکستانی معیشت اور عوام کی زندگی بہتر ہوئی۔ مریم نواز نے کہاکہ نوازشریف کی آمد کا مطلب کاروبار کا چلنا، صنعت اور تجارت کا دوبارہ زندہ ہونا ہے، نواز شریف نے نوے کی دہائی میں معیشت اور کاروبار کو کو حکومتی زنجیروں سے آزاد کیا ۔انہوں نے کہاکہ کاروباری، صنعتکار اور تاجر برادری کو مراعات دیں گے، سرکار نہیں عوام اورنجی شعبہ کاروبار کرے گے،کاروبار کرنے کی آسانی پیدا کی جائے گی، چھوٹے کاروبار کی حوصلہ افزائی کریں گے، نوازشریف کی معاشی اصلاحات سے اور ہمسایہ ملکوں نے فائدہ اٹھایا اور اس پر عمل کرکے ترقی کی ۔ مریم نوازنے کہاکہ نوازشریف معیشت کی بحالی، تعمیر اور ترقی کے دور کا نام ہے، نوازشریف نے دہشت گردی کا خاتمہ کرکے امن دیا جس سے معاشی ترقی ہوئی ، 2013 میں دہشت گردی تھی، کاروبار ، روزگار اور زندگی کا پہیہ رُک چکا تھا۔انہوں نے کہاکہ جب ہر روز بم پھٹتے تو کہتے تھے کہ یہاں کون سرمایہ کاری کرے گا،تب نوازشریف سی پیک لایا، زراعت اور کسان کی ترقی نوازشریف کے دور میں ہوئی جس سے زرعی پیداوار میں اضافہ ہوا ، کسان کو زرعی ٹیوب ویلز پر رعایتی بجلی دی، ٹیکسٹائل انڈسٹری کو خصوصی مراعات دیں، نوازشریف نے توانائی کے بحران ختم کئے، ایل این جی ٹرمینلز بنائے ، گیس کی فراہمی سے انڈسٹری کو ایک نئی زندگی دی تھی، پھر ایسا ہی کریں گے ، متبادل توانائی کے ذرائع کو ترقی دے کر ایندھن کا درآمدی بل کم کریں گے، میکرو اکنامک اصلاحات کریں گے، سی پیک کی رفتار تیز اور برآمدات بڑھائیں گے۔مریم نواز نے کہاکہ 2018 سے 2022 کی تباہی نے ملک کی بنیادیں ہلا کر رکھ دی ہیں ، نوازشریف نے 2016 میں آئی ایم ایف کا پروگرام مکمل کیا، معیشت چلائی اور مہنگائی بھی نہ ہونے دی،پاکستان کی تاریخ کا واحدآئی ایم ایف پروگرام صرف وزیراعظم نوازشریف نے پورا کیا اور آئی ایم ایف کو خداحافظ کہا تھا، 16 ماہ کی مختصر ترین مخلوط حکومت میں وزیراعظم شہبازشریف نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔انہوںنے کہاکہ نوجوانوں، خواتین، مزدوروں، کسانوں، صنعتکاروں، تاجروں سمیت تمام طبقات کو ریلیف دیں گے ،نوجوانوں اور خواتین کو معاشی اور تعلیمی طورپر مواقع دیں گے، لیپ ٹاپ، ہنر، کاروبار کے لئے وسائل دیں گے،آئی ٹی، زراعت، معدنیات، توانائی سمیت دیگر شعبوں کی مثالی اور تیز ترین ترقی کا پلان تیار ہے ۔