امریکا: ہالی ووڈ کے معروف اداکار جیسن سٹیتھم نے اپنی گاڑی پر فلسطینی پرچم لگاکر اسرائیل کی غزہ پر جاری دہشتگردی کی مخالفت کردی۔
فلسطینی حریت پسند تنظیم حماس کے اسرائیل پر تاریخی اور حیران کن حملے کے بعد سے اسرائیلی افواج کی غزہ پر بمباری جاری ہے، اسرائیلی افواج بلاامتیاز رہائشی عمارتوں، اسپتالوں، مساجد، خواتین اور بچوں کو بھی نشانہ بنارہی ہیں جس کے سبب ہلاکتوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے۔
حماس کے حملوں کے بعد پاکستان سمیت دنیا بھر کے نامور فنکار اور مشہور شخصیات فلسطین کے حق میں اپنی آواز بُلند کرتے نظر آرہے ہیں اور فوری طور پر جنگ بندی کا مطالبہ بھی کررہے ہیں۔
اب سوشل میڈیا پر ہالی ووڈ کے معروف اداکار جیسن سٹیتھم کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ فلسطین سے اظہارِ یکجہتی کرنے کے لیے پولیس کو چیلنج کرتے ہوئے اپنی گاڑی پر فسلطینی پرچم لگا رہے ہیں۔
ہالی ووڈ اداکار جیسن سٹیتھم نے پولیس کو چیلنج کرتے ہوئے اپنی گاڑی پر فلسطینی 🇵🇸 جھنڈا لگا دیا۔
ایکشن فلموں کا لیجنڈ نام جیسن سٹیتھم، نہ صرف موویز میں بلکہ حقیقت میں بھی ایک بہترین آدمی ہے۔ pic.twitter.com/7Qd4SF2tIR
— RTEUrdu (@RTEUrdu) October 25, 2023
ویڈیو میں جیسن سٹیتھم کو اپنی گاڑی پر فلسطینی پرچم لگا کر گاڑی میں بیٹھ کر جاتے ہوئے دِکھایا گیا جبکہ یہ ویڈیو کسی نے دور سے بنائی۔
فلسطین کی حمایت کرنے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ہالی ووڈ اداکار جیسن سٹیتھم کو خوب سراہا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ جیسن سٹیتھم ہالی ووڈ کی مشہور فلموں ٹرانسپورٹر، اسٹاک اینڈ ٹو اسموکنگ، فاسٹ اینڈ فیورس، لاک اور بیلرز میں بطورِ ہیرو کام کرچکے ہیں۔
یاد رہے کہ اسرائیل کی غزہ پر مسلسل 24 گھنٹے جاری بمباری میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 700 سے زائد ہوگئی جس کے باعث غزہ میں 7 اکتوبر سے اب تک شہید فلسطینیوں کی تعداد 5800 کے قریب پہنچ گئی ہے جبکہ 16 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔









