بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

افغان بیٹرز کی عمدہ کارکردگی، نیدرلینڈز کو سات وکٹوں سے شکست

لکھنو: آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 34 ویں میچ میں افغانستان نے نیدرلینڈز کو سات وکٹوں سے شکست دے دی ۔
جمعہ کو لکھنؤ کے اکانا سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے نیدرلینڈز کی جانب سے دیے گئے 180 رنز کے ہدف کو تین وکٹوں کے نقصان پر 31.3 اوورز میں بآسانی پورا کر لیا۔
افغانستان کی جانب سے کپتان حشمت اللہ شہیدی نے 56، رحمت شاہ نے 52 اور عظمت اللہ عمرزئی نے 31 رنز سکور کیے۔
نیدرلینڈز کی جانب سے لوگن وین بِیک، روولوف فین ڈر مروا اور ثاقب ذوالفقار نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
نیدرلینڈز کو شکست دینے کے بعد افغانستان نے میگا ایونٹ میں 8 پوائنٹس حاصل کر لیے ہیں جس کے بعد افغان ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر آگئی ہیں۔
اس سے قبل نیدرلینڈز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کے غلط ثابت ہوا جس کے بعد پوری ڈَچ ٹیم 46.3 اوورز میں 179 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
نیدرلینڈز کی جانب سے سائی برینڈ اینجل بریکٹ نے 58، میکس او ڈاؤڈ نے 42 جبکہ کولن ایکرمین نے 29 رنز بنائے۔
افغانستان کی جانب سے بولنگ کرتے ہوئے محمد نبی نے تین اور نور احمد نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ نیدرلینڈز کے چار کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔
اکانا سٹیڈیم میں کھیلے جانے والا یہ میچ دونوں ٹیموں کا ورلڈ کپ میں ساتواں میچ تھا۔
اس سے پہلے افغانستان کی ٹیم اس ورلڈ کپ میں چھ میچ کھیل چکی تھی جس میں اسے تین میں جیت اور تین میں ہار حاصل ہوئی۔
اسی طرح ڈَچ ٹیم نے بھی میگا ایونٹ میں چھ میچ کھیلے تھے جس میں اسے دو میچوں میں فتح اور چار میں شکست ملی۔