لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ 35 سال سے پاکستان کرکٹ سے منسلک ہوں، چیف سلیکٹر کا عہدہ قبول کر کے مجھ سے غلطی ہو گئی، میرے کردار پر انگلیاں نہ اٹھائی جائیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق انضمام الحق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کے لیے ٹیم مکی آرتھر کے ساتھ سب نے مل کر سلیکٹ کی تھی، جب ٹیم کا اعلان ہو جائے تو پھر اسے اسپورٹ کرنا ہوتا ہے۔ٹیم جب بھی خراب کارکردگی کا مظاہرہ کرتی ہے تو ہر کوئی خود کو بچانے میں لگ جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کھیل میں ہار اور جیت ہوتی ہے، میں نے گزشتہ 2 سال میں کھیلنے والی ٹیم کو ہی ورلڈ کپ کے لیے سلیکٹ کیا، عہدے سے استعفیٰ اس لیے دیا کہ الزامات کی انکوائری ہو سکے۔ انضمام الحق نے کہاکہ میں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو خط لکھ کر کہا ہے کہ مجھے بلا کر وضاحت لی جائے، بورڈ نے عہدہ قبول کرنے سے قبل کوئی کاروبار ڈیکلیئر کرنے کا نہیں کہا تھا۔









