لاہور(ممتازنیوز )پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوازشریف سے استقبالیہ کمیٹی سندھ کے چیف آرگنائزر سندھ بشیر میمن نے ملاقات کی،پارٹی قائد نے 21 اکتوبر کو مینار پاکستان پر صوبہ سندھ سے کارکنوں اور رہنماؤں کی بھرپور شرکت کو سراہا، نوازشریف نے 21 اکتوبر کو لاہور آنے والے اقلیتی ونگ کے کارکن کرامت مسیح کے انتقال پر تعزیت اور کرامت مسیح کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ کارکنوں کے تاریخی جذبے اور قربانیوں کو کبھی نہیں بھلا سکتا،نوازشریف نے بشیر میمن کو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر گرمجوش مبارک بھی دی۔
بشیر میمن نے نواز شریف سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ مینار پاکستان پر تاریخی جلسہ کارکنوں کے جذبے کا اعلان تھا،آپ کے آنے سے صوبہ سندھ میں پارٹی مزید مضبوط اور فعال ہوگی۔
پارٹی صدر شہباز شریف نے بھی صوبہ سندھ تنظیم کی کارکردگی اور جذبے کو سراہا،اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہاکہ بشیر میمن کے آنے سے پارٹی سرگرمیوں میں ایک نیا جذبہ پیدا ہوا ہے۔
ملاقات میں صوبہ سندھ میں تنظیمی امور اور مستقبل کی سیاسی حکمت عملی پر بھی بات چیت ہوئی ، پارٹی صدر شہبازشریف، مریم نوازشریف، اسحاق ڈار، ایازصادق اور دیگر راہنما بھی اس دوران موجود تھے۔









