پاکستان کی جانب سے ایکسٹرنل فنانس گیپ پر بین الاقوامی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کو نئی تجاویز بتا دی گئیں۔
ذرائع وزارتِ خزانہ کے مطابق نگراں حکومت کو رواں مالی سال غیرملکی سرمایہ کاری میں بڑے اضافے کی امیدیں ہیں اور ایکسٹرنل فنانس گیپ کو براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری سے پورا کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر کی پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ہے۔ عرب ممالک توانائی، ایوی ایشن، معدنیات اور زراعت میں بڑی سرمایہ کاری کریں گے۔
ذرائع کے مطابق جنوری سے توانائی، ایوی ایشن، معدنیات اور زراعت میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری بڑھے گی۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد ایئر پورٹ کی آؤٹ سورسنگ رواں ماہ ہونے کا امکان ہے جبکہ عرب کمپنیاں ایئر پورٹس اور بندرگاہوں کی استعداد بڑھانے اور چلانے میں سرمایہ کاری کریں گی۔
ذرائع کے مطابق خلیج تعاون تنظیم سے آزاد تجارت معاہدہ ہوگیا ہے اور اب باہمی سرمایہ کاری معاہدہ کیا جارہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل پر وزارتِ خزانہ سے بریفنگ مانگ لی ہے۔
آئی ایم ایف نے پوچھا ہے کہ کونسل کے اقدامات سے ٹیکس وصولی اور سبسڈیز پر کیا اثرات ہوں گے۔









