اسلام آباد(ممتازنیوز )وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضی سولنگی نے سینیٹ اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ کراچی میں وفاقی حکومت کی ملکیت قصر ناز کی واجبات کی عدم ادائیگی کی وجہ سے جون سے بجلی منقطع ہے، یہ معاملہ کابینہ کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا، کوئی سابق وزیر مشیر یا معاون خصوصی سرکاری گاڑی گھر لے کے نہیں گیا، مجھ سمیت کابینہ کے اکثر ارکان کے پاس 1800 سی سی کی گاڑیاں ہیں رولز کے تحت غیر معمولی صورتحال میں پرائیویٹ وکلاء کی خدمات حاصل کرنا پڑتی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ جب بھی کسی حکومت کی مدت ختم ہوتی ہے تو وزرا کے پاس کروا موجود گاڑیاں کابینہ ڈویژن کو واپس کر دی جاتی ہیں، اگر یہ گاڑیاں واپس نہیں کی گئیں تو اس کی تفصیلات سے بھی ایوان کو آگاہ کر دیا جائے گا، کسی سرکاری افسر کے گھر میں سرکاری ملازمین کام کرتے ہیں اور اس نے قانون کی خلاف ورزی کی ہے تو ایوان کو شواہد کے ساتھ آگاہ کیا جائے، اس پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔اس سلسلے میں ہم متعلقہ محکموں سے بھی تفصیلات حاصل کر لیتے ہیں، بلوچستان سے تعلق رکھنے والے گریڈ 21 اور 22 کے افسران کی تفصیلات سے ایوان کو آگاہ کر دیا جائے گا، آئندہ اجلاس میں اس حوالے سے تفصیلات ایوان میں پیش کر دی جائیں گی۔
قصر ناز کی بجلی واجبات کی عدم ادائیگی کی وجہ سے منقطع ، معاملہ کابینہ کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا،مرتضیٰ سولنگی








