اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک): 24 سال بعد پاکستان کے تاریخی دورے پر آنے والے آسٹریلوی کھلاڑی پاکستان کے کھانے کے دیوانے ہوگئے۔
آسٹریلوی ٹیسٹ اسکواڈ کے نائب کپتان اسٹیو اسمتھ پاکستان میں باربی کیو سے خوب لطف اندوز ہوئے جس کی ویڈیو انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کی اسٹوری پر شیئر کی جو اب سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ہے۔
ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اسٹیو اسمتھ نے ساتھ ’ٹیم باربی کیو‘ لکھا۔
اس سے قبل اسمتھ نے آن لائن پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ وہ پاکستانی باربی کیو خاص پسند کرتے ہیں، ڈنر میں بار بی کیو سے انہوں نے خوب لطف اٹھایا تھا، باربی کیو حیرت انگیز تھا۔
نائب کپتان نے کہا کہ پاکستان میں ہمیں ہر قسم کے باربی کیو کے ساتھ ڈنر پیش کیا گیا جو واقعی بہت لذیذ اور ذائقہ دار تھا۔
اسٹیو اسمتھ کایہ بھی کہنا تھا کہ ہماری آمد کے بعد سے پاکستان کی مہمان نوازی ناقابل یقین رہی ہے، ہم اسلام آباد میں بہت اچھا وقت گزار رہے ہیں، اب تک یہاں کا کھانا بھی بہترین رہا ہے۔
واضح رہے کہ آسٹریلوی ٹیم 24 برس بعد 27 فروری کو پاکستان پہنچی تھی اور دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 4 مارچ کو اسلام آباد میں شروع ہو گا۔