اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک کو قومی معیشت میں کلیدی اہمیت حاصل ہے۔
احسن اقبال کی زیر صدارت سی پیک سیکیورٹی پر اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیر منصوبہ بندی نے سی پیک سے متعلقہ منصوبوں کی سیکیورٹی بڑھانے کی ہدایت دی۔
انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنیوالے ادارے سی پیک منصوبوں پر کام کرنے والے چینی باشندوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں، آج دنیا میں غیر روایتی ہتھکنڈوں کی جنگ ہے، ہر ماہ سی پیک سیکیورٹی کے ورکنگ گروپ کے اجلاس کو یقینی بنایا جائے۔
احسن اقبال نے کہا ہے کہ سانحہ کراچی یونیورسٹی پر تشویش ہے، سی پیک کو قومی معیشت میں کلیدی اہمیت حاصل ہے، سوشل میڈیا پہ ملک دشمن نظریات کا مقابلہ مضبوط متبادل بیانیے سے ہو سکتا ہے۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی نے کہا کہ قومی بیانیے کی ترویج کے حوالے سے وزارت اطلاعات و نشریات کا کردار بہت اہم ہے، ریاست کی طرف سے موثر بیانیہ تشکیل دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول سیاسی قیادت کو ملکر بلوچستان کی محرومی دور کرنے کے لئے قدم اٹھانے ہیں۔









