بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پنجاب کو فنڈ کی ضرورت نہیں یہ کماؤ پتر ہے، نگراں وزیراعظم

لاہور: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پنجاب کو فنڈ کی ضرورت نہیں یہ کماؤ پتر ہے، جب کہ 9 مئی کے احتجاج کرنے والوں کا ایشو یہ تھا کہ وہ لوگ احتجاج کرتے ہوئے قانون کے دائرے سے باہر آگئے تھے۔

لاہور میں مال روڑ پر الفلاح سنٹر میں قائم بزنس فیسلیٹیشن سنٹر کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ پنجاب کو فنڈ کی ضرورت نہیں یہ کماؤ پتر ہے، وفاق پنجاب کے ساتھ مل کر آگے کام کرے گا۔

نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایف بی آر نے جو ٹیکس اکٹھا کیا اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی، آئی ایم ایف سے اگلی قسط مل جائے گی، قرض لینا کوئی بری بات نہیں، امریکا سب سے بڑا مقروض ہے، مگر قرض لے کر غیر ضروری خرچ کرنا بری بات ہے۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ احتجاج کا سب کو حق ہے مگر آئین میں رہ کر کرنا چاہیے، 9 مئی کے احتجاج کرنے والوں کا بھی یہی ایشو تھا، وہ لوگ بھی احتجاج کرتے ہوئے قانون کے دائرے سے باہر آگئے تھے۔

نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پنجاب کے شہریوں کو بلوچستان کے ساتھ ہمدردی ہے، مجھے اور ہم سب کو اپنےگریبان میں جھانکنا چاہیے، جو اپنے پیاروں کیلئے احتجاج کر رہے ہیں یہ ان کا حق ہے، میں تو نگران وزیراعظم ہوں، میں تو جانے والا ہوں، لیکن میں بلوچستان سے ہوں تو مجھ پر انگلی اٹھ رہی ہے۔

انوارالحق نے مزید کہا کہ پاکستان ریاست کی جنگ لڑ رہا ہے اور لڑتا رہا ہے، جس کو دیکھو وہ ہمدرد بنا پھرتا ہے، آزادی رائے سب کا حق ہے، سوشل میڈیا پر پابندی نہیں ہونی چاہیے، الیکشن ہوں گے اور الیکشن کو پُرامن بنایا جائےگا، میں بھی 8 فروری کو ووٹ ڈالنے جاؤں گا۔