اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم نہیں ہونے دینگے۔
ڈاکٹر شہباز گل نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لندن میں بیٹھا شخص بھارت اسرائیل کے لوگوں سے ملکرسازش کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت امپورٹڈ حکومت ملک پر مسلط ہے، آج جندال کے دوست مسلط ہیں، کشمیریوں کے بیانیے کو بیچا گیا، امپورٹڈ حکومت کی سازش پر اب دشمن ضرب لگائیں گے۔
شہباز گل نے کہا کہ پاکستانی حکومت آج مجرم کو رپورٹ کرنے گئی ہے، حکومت ابھی بنی نہیں انہوں نے کشمیریوں کےخلاف فیصلہ دے دیا، اوورسیز پاکستانی ملک کا سرمایہ ہیں، درخواست ہے عدالتیں اس معاملے کو دیکھیں۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ امپورٹڈ حکومت ایک بھگوڑے سے حکومت چلانا چاہ رہی ہے، عمران خان نے دیگر ممالک کی طرح اوورسیز کو عزت دی، آپ کیسے اوورسیزپاکستانیوں کا ووٹ ختم کرسکتے ہیں۔
ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ ووٹ دینے کا حق بیشترممالک اپنے شہریوں کو دیتے ہیں، اوورسیزپاکستانی پیسوں کے ذریعے اپنا پیار محبت بھیجتے ہیں۔
انکا کہنا ہے کہ ہمارے کچھ سیاسی دوست کہتے ہیں اتنے وفادار ہیں تو واپس کیوں نہیں آجاتے، آپ کیوں نہیں اپنے گاؤں وغیرہ واپس چلے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کے حق کو واپس نہیں ہونے دیں گے، حکومت اوورسیزپاکستانیوں سے ووٹ کا حق واپس لینےکاقانون پاس کررہی ہے، ایک ماہ ڈالر نہ بھیجیں تو اندازہ ہے کیاحالات ہونگے؟
شہباز گل نے مزید کہا کہ امپورٹڈحکومت ہوش کے ناخن لے، کیا وہ پاکستانی یامحب وطن نہیں؟ اوورسیزپاکستانیوں کو پاکستان کے معاملات سے دور رکھنے کا مقصد کیا ہے؟ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ سے بھیجے گئے ڈالر قبول ووٹ کا حق قبول نہیں۔









