بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان کےلئے جاسوسی کے الزام میں بھارتی فضائیہ کا افسر گرفتار

نئی دہلی(ممتازرپورٹ) بھارتی فضائیہ کے ایک افسر کو پاکستان کےلئے جاسوسی کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایئرفورس کے سرجنٹ 32سالہ دویندرا نارائن شرما کو دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے حراست میں لیا ہے،دویندرا نارائن شرما پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک خاتون پاکستانی ایجنٹ کو عملے ،قومی سلامتی اور دفاع سے متعلقہ حساس معلومات فراہم کیں ۔دویندرا نارائن شرما کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا ہے ۔پولیس کے مطابق شرما بھارتی فضائیہ میں ایڈمنسٹریٹو اسسٹنٹ کے طور پر کام کر رہے تھے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ دویندرا نارائن شرما نے واٹس ایپ کے ذریعے پاکستانی خاتون کو معلومات دیں ۔پولیس نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ شرما کا پاکستانی خاتون سے رابطہ فیس بک کے ذریعے ہوا اور اس کے بعد پاکستانی خاتون نے معلومات کے حصول کےلئے کئی بار انہیں کال کی ۔ بھارتی پولیس کے مطابق پاکستانی خاتون ایجنٹ ایئرفورس کے ریڈارز کی پوزیشنز ،اعلیٰ حکام کی تعیناتیوں سے متعلق معلومات حاصل کرنے کی کوشش کر رہی تھی ۔