بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سیاستدان فوج خصوصاً کورکمانڈر پشاور سے متعلق متنازع بیانات سے اجتناب کریں،آئی ایس پی آر

راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) نے سیاستدانوں کو خبردار کیا ہےکہ وہ پاک فوج خاص طور پر کورکمانڈر پشاور کے بارے میں متنازع بیانات سے اجتناب کریں۔جمعرات کو آئی ایس پی آرسے جاری بیان میں کہا گیا کہ پشاور کور پاکستان آرمی کی ایک ممتاز فارمیشن ہے۔ پشاور کور دو دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف قومی جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کر رہی ہےاس اہم کور کی قیادت ہمیشہ بہترین پروفیشنل ہاتھوں میں سونپی گئی ہے۔پشاور کور کمانڈر کے حوالے سے اہم سینئر سیاستدانوں کے حالیہ بیانات انتہائی نامناسب ہیں ، ایسے بیانات سپاہ اور قیادت کے مورال اور وقار پر منفی طور پر اثر انداز ہوتے ہیں۔افواج پاکستان کے بہادر سپاہی اور آفیسرز ہمہ وقت وطن کی خودمختاری اور سالمیت کی حفاظت اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر رہے ہیں۔اس لئے سینئر قومی سیاسی قیادت سے یہ توقع کی جاتی ہے کہ وہ ادارے کے خلاف ایسے متنازع بیانات سے اجتناب کریں ۔