اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وفاقی وزیر مواصلات سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے کہا ہے کہ رابطہ عالم اسلامی اسلاموفوبیا کے خاتمے کے لیے قابل قدر جدوجہد کر رہا ہے۔مختلف مذاہب کے متعبر نمائندوں کو ایک جگہ جمع کرنے سے غلط فہمیوں کا ازالہ ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے ریاض میں رابطہ عالم اسلامی کی طرف سے بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس کے موقع پر کیا۔جس میں انھوں نے پاکستان کی نمائندگی کی۔جبکہ پوری دنیا سے مختلف مذاہب کے علماء اور پیشواؤں نے اس میں شرکت کی۔کانفرنس کے میزبان اور صدر رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی تھے۔ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے سیکرٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی سے بھی ملاقات کی اور کہا کہ اس کانفرنس سے اسلام کے بارے میں پیدا شدہ غلط فہمیاں دور ہوں گی اور اسلام کی صحیح تصویر اجاگر ہو گی۔انھوں نے کہا کہ اسلام امن اور سلامتی کا مذہب ہے جو اپنے ماننے والوں کو بھی اخوت اور بھائی چارے کا سبق دیتا ہے۔اور باقی مذاہب کا بھی احترام کرتا ہے۔شرپسند عناصر کا کوئی مذہب اور دین نہیں ہوتا۔اس لیے ایسے لوگوں سے مل کر مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔مذاہب عالم کے علماء اور اسکالرز کی باہمی ملاقاتوں سے بہتری پیدا ہو گی۔ دریں اثناء تحریک دفاع حرمین شریفین کے سرپرست سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری، صدر مولنا علی محمد ابو تراب، نائب صدر شاہ اویس نورانی، سیکرٹری جنرل مولنا فضل الرحمن خلیل، ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولنا ذاہد محمود قاسمی ،سیکرٹری اطلاعات پروفیسر سجاد قمر نے رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی کو کامیاب بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس منعقد کرنے پر مبارک باد دی اور کہا کہ سعودی عرب کی قیادت کی حرمین شریفین اور مسلمانوں کے لیے خدمات لائق تحسین ہیں۔اور اب مذاہب عالم کے لوگوں کو ایک جگہ جمع کر کے اسلام کے بارے میں پیدا شدہ غلط فہمیاں دور کرنے کی ایک اہم کوشش کی ہے۔انھوں نے کہا کہ اس ڈائیلاگ لو مزید رواج دینے کی ضرورت ہے۔پاکستان کے علماء اور عوام سعودی عرب کو اپنا روحانی مرکز سمجھتے ہیں۔یہاں پر جو رابطہ کے دفاتر ہیں ان کو مزید فعال کرنے اور علماء، اسکالرز اور ہر طبقہ فکر سے رابطے بڑھانے کی ضرورت ہے۔تاکہ پاکستان اور سعودی عرب مل کر اسلام اور عالم اسلام کی خدمت اور رہنمائی کر سکیں۔
رابطہ عالم اسلامی” اسلاموفوبیا کے خاتمے کے لیے قابل قدر جدوجہد کر رہا ہے”،سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم








