بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

نامور گلوکار نے آٹوگراف دیتے ہوئے شادی کے سرٹیفیکیٹ پر دستخط کردیے

برطانوی لڑکوں کے مشہور بینڈ ’ون ڈائریکشن‘ کے سابق ممبر لوئس ٹاملنسن نے مداح کو آٹوگراف دیتے ہوئے ’غلطی سے‘ شادی کے سرٹیفیکیٹ پر دستخط کردیے۔

اس گروپ کے اراکین زین ملک، ہیری اسٹائلز، لیام پیئن، نائل ہوران اور لوئس ٹوملسن تھے، تاہم یہ بینڈ اب ٹوٹ چکا ہے اور تمام گلوکار علیحدہ علیحدہ گانے بناتے اور گنگناتے ہیں۔

ڈیلی گارڈین کی رپورٹ کے مطابق اسی بینڈ کے ایک سابق ممبر اور دنیا بھر میں مقبول گلوکار لوئس ٹوملسن انڈونیشیا کے اپنے عالمی دورے یعنی میوزک کنسرٹ میں مصروف ہیں۔

جکارتہ میں میوزک کنسرٹ کے دوران سیکڑوں مداح گلوکار کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے جمع تھے، گلوکار لوئس مداحوں سے ملنے ان کے قریب آئے تو کچھ شائقین گلوکار سے آٹوگراف لینے کے لیے ٹی شرٹس، نوٹ بُک آگے بڑھاتے رہے اور لوئس اپنے مداحوں کا پیار دیکھ کر انہیں آٹوگراف دیتے رہے۔

اسی دوران ایک خاتون مداح نے شادی کا سرکاری سرٹیفکیٹ ہولی وڈ گلوکار کی جانب بڑھایا، جس پر لوئس نے انجانے میں دستخط کردیے۔

نامور ہولی وڈ گلوکار نے جس پر دستخط کیے وہ ریپبلک آف انڈونیشیا کا میرج سرٹیفکیٹ تھا، اس میں لوئس اور خاتون کی تصویر تھی اور تصویر کے درمیان دونوں کے دستخط موجود تھے۔

بعدازاں مداح نے ٹِک ٹاک پر لوئس ٹاملنسن سے اپنی ’منگنی‘ کی خبر شیئر کردی۔

خاتون مداح نے پرجوش انداز میں کہا کہ وہ لائس کے کانسرٹ میں سنگل خاتون ہوکر گئی تھیں، ان کا کوئی بوائے فرینڈ نہیں ہے لیکن وہ اس کانسرٹ سے ایک شادی شدہ خاتون کے طور پر واپس آئی ہیں کیونکہ لوئس نے ان کے نکاح نامے پر دستخط کردیے ہیں۔

مقامی رپورٹس کے مطابق انڈونیشیا کے قانون کے مطابق شادی کو صرف اس صورت تسلیم کیا جائے گا جب جوڑے کی تقریب منعقد کی گئی ہو، لہذا لوئس ٹاملنسن کا دستخط شدہ نکاح نامے کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔