بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ایم کیو ایم کا یومِ تشکر، حرا مانی کے مصطفیٰ کمال کے حق میں نعرے، گانا بھی گنگنایا

متحدہ قومی مومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) کی جانب سے 11 فروری کی شب کراچی جناح گراؤنڈ عزیز آباد میں عام انتخاب میں کامیابی پر یوم تشکر اور جشن منایا گیا، اس موقع پر سیکڑوں لوگوں نے شرکت کی، ایم کیو ایم رہنماؤں نے خطاب بھی کیا۔

تاہم دلچسپ بات یہ ہے کہ اس موقع پر اداکارہ حرا مانی اپنے شوہر سلمان ثاقب شیخ (جو مانی کے نام سے مشہور ہیں) نے بھی شرکت کرکے تقریب میں چار چاند لگا دیے۔

اسی تقریب کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں حرا مانی اسٹیج پر مائیک کے ذریعے شرکا سے ایم کیو ایم کے رہنما مصطفیٰ کمال کے حق میں نعرے لگا رہی ہیں۔

حرا مانی کو کہتے سنا جاسکتا ہے کہ ’مصطفیٰ کمال ہے کمال ہی کمال ہے، ہمارا بھائی آگیا ہے، ہم سب کراچی میں سکون سے جیئیں گے، ہماری سڑکیں بھی بنیں گیں، ہمیں حق بھی ملے گا، سینا چوڑا کرکے جیئیں گے کیونکہ اب کراچی میں مصطفیٰ کمال آگئے ہیں۔‘

اس دوران حرا مانی نے مقبول ڈراما سیریل ’دو بول‘ کا گانا ’جا تجھے معاف کیا‘بھی گنگنایا۔

یاد رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے سینیئر رہنما سید مصطفیٰ کمال نے کراچی سے قومی اسمبلی نشست جیتی تھی۔

کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 242 کراچی کیماڑی کے تمام 286 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے تحت مصطفیٰ کمال 71767 ووٹ لے کر جیت گئے تھے۔

پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار دوا خان صابر 53759 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔

اس کے علاوہ الیکشن کمیشن نے کراچی کی قومی اسمبلی کی 22 میں سے 16 نشستوں کے نتائج جاری کیے جن میں سے 11 میں متحدہ قومی موومنٹ اور 5 میں پیپلزپارٹی نے کامیابی حاصل کی ہے۔