بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

نواز شریف کے خلاف 25 ہزار ووٹوں سے الیکشن جیتا، شہزادہ گستاسپ خان

اسلام آباد: این اے 15 مانسہرہ کم تورغر سے آزاد حیثیت میں قائد ن لیگ نواز شریف کے خلاف الیکشن لڑنے والے شہزادہ گستاسپ خان نے دعویٰ کیا ہے کہ میں 25 ہزار ووٹوں سے الیکشن جیتا ہوں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما تہمینہ دولتانہ نے صدر مملکت کی جانب سے قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی سمری پر اعتراض لگا کر واپس بھیجنے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ صدر کو حالات کی سنگینی کو سمجھنا چاہیے۔ پی پی رہنما فتح اللہ خان نے کہا کہ صدر کو قومی اسمبلی کا اجلاس بلانا چاہیے، صدر مملکت کسی ایک پارٹی کا نہیں ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شہزادہ گستاسپ خان نے کہا کہ میں نواز شریف کے خلاف الیکشن جیت چکا ہوں، ہر شخص اپنے منشور کے مطابق الیکشن لڑتا ہے، میرے مقابل نوازشریف اور بڑی شخصیات تھیں، امید ہے کہ منگل تک الیکشن کمیشن کا فیصلہ آجائے گا۔

انھوں نے  کہا کہ لیڈر شپ وہ ہوتی ہے جو سب کو ساتھ لے کر چلتی ہے، دونوں جانب سے تحمل کا مظاہرہ ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی زمانے میں سیاست برد باری کا نام تھا، 1985کے بعد سیاست ذاتی دشمنی بنتی گئی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما تہمینہ دولتانہ نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کی تعریفوں کے پل باندھتے ہوئے کہا کہ مریم نواز نے بہت زیادہ جدوجہد کی ہے، ان کا ٹارگٹ ملک کو بچانا تھا، بطور وزیر اعلیٰ مریم نواز پنجاب میں بڑی تبدیلیاں لائیں گی۔

انھوں نے کہا کہ آج مریم کی تقریر سن کر بہت خوشی ہوئی، مریم نواز نے کہا کہ پورے صوبے کی وزیراعلیٰ ہوں، مریم نواز صرف حکمران جماعت کی وزیراعلیٰ نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے علاقوں کے کام نہیں روکے جاسکتے، کالجز میں سب بچے پڑھیں گے، صرف ووٹرز کے نہیں، انڈسٹریل زون میں سب کو انڈسٹری لگانےکی اجازت ہوگی۔

تہمینہ دولتانہ نے صدر مملکت کی جانب سے قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی سمری پر اعتراض لگا کر واپس بھیجنے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ صدر کو حالات کی سنگینی کو سمجھنا چاہیے۔

پیپلزپارٹی رہنما فتح اللہ خان نے کہا کہ صدر مملکت کو سمری واپس نہیں کرنی چاہیے تھی، صدر مملکت کسی پارٹی کا نہیں، ملک کا صدر ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خدشات کا متحمل نہیں ہوسکتا، صدر مملکت کو قومی اسمبلی کا اجلاس بلانا چاہیے، قومی اسمبلی میں تمام جماعتوں کے لوگ موجود ہیں۔
نو منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ امید ہے مریم نواز صوبہ پنجاب کو آگے لے کر جائیں گی۔
خیبر پختونخوا کی بات کرتے ہوئے رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ علی امین گنڈا پور بھی صوبے کی خدمت کرنا چاہتے ہیں، امید ہے کہ علی امین گنڈا پور صوبے کیلئے کام کریں گے۔