بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مسعود خان کی انٹرنیشنل ٹریڈ کمیشن کے سامنے پاکستانی ملبوسات کی بھرپور وکالت

واشنگٹن(انٹرنیشنل ڈیسک )امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں ملبوسات کا شعبہ تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے اور اس شعبے میں برآمدات بڑھ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمپنیاں انفرادی طور پر سپلائی چین میں شفافیت کے عالمی تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے جدید ترین ٹریس ایبلٹی ٹیکنالوجیز اپنا رہی ہیں۔
کاربن کے اخراج میں ممکنہ حد تک کمی کو یقینی بنانے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ملبوسات کی سرکردہ کمپنیاں 2050 تک نیٹ زیرو کے ہدف کے حصول کے لیے پرعزم ہیں۔
سفیر پاکستان مسعود خان نے یہ بات امریکہ کے انٹرنیشنل ٹریڈ کمیشن (آئی ٹی سی) کی جانب سے بنگلہ دیش، کمبوڈیا، بھارت، انڈونیشیا اور پاکستان میں ملبوسات کی صنعتوں کی برآمدی مسابقت کے بارے میں منعقدہ ایک اجلاس کے دوران کہی ۔ آئی ٹی سی کی جانب سے یہ تحقیقات امریکہ کے تجارتی نمائندے کی درخواست پر کی جا رہی ہیں۔ آئی ٹی سی 30 اگست 2024 تک اپنی رپورٹ تجارتی نمائندے کو پیش کرے گا۔
آئی ٹی سی کی رپورٹ امریکہ میں ملبوسات فراہم کرنے والے پانچ بڑے سپلائزر ز کا موازنہ کرے گی اور مارکیٹ کے بدلتے محرکات کا جائزہ لے گی۔ رپورٹ میں مسابقت کے اہم عوامل بشمول تجارت، صنعتی ڈھانچہ ، لاگت، مصنوعات میں فرق اور انحصاریت پر غور کیا جائے گا۔