اسلام آباد(نیوزڈیسک)جی ایم سوئی گیس نے وفاقی حکومت کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے گیس چوروں کے خلاف آپریشن کو مزید تیز کردیا ہے اور اسلام آباد کے نواحی علاقے بھارہ کہو میں 15گیس چوروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کے میٹر اتار دیے گئے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق چیف انجینئر معصم ابرار خان کی ہدایت پر یو ایف جی کنٹرول ٹاسک فورس کے انچارج ارباب خان کی سرپرستی میں ٹیم کے ہمراہ چھاپہ مارا گیا ،ایف آئی اے کی ٹیم کے ہمراہ پرنس روڈ بہارہ کہو میں ڈائریکٹ گیس استعمال کرتے ہوئے اور دوسری جگہوں سے چوری کے گیس میٹر لگا کر گیس چوری کرتے ہوئے تقریباً 15لوگوں کے میٹر کاٹ کاٹ لئے گئے اور محکمہ کو لاکھوں روپے نقصان پہنچانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ۔جن افراد کے خلاف گیس چوری کی کارروائی کی گئی ہے ان میں یاسر محمود ، محمد فہیم ، جعفر علی ، اللہ دتہ ، خالد عباسی ، غلام مصطفیٰ عباسی ،سید محمود عباسی، محمد الیاس، عاشق عباسی اور وحید شامل ہیں ۔چوری شدہ میٹر قبضے میں لے لئے گئے ہیں اور ان افراد کے خلاف مقدمات بھی درج کئے گئے ہیں ۔ یہ کارروائی مشترکہ طور پر ایف آئی اے اور سوئی گیس کے عملے نے کی ہے ۔ علاوہ ازیں جنرل منیجر سوئی گیس اسلام آبا د نے آپریشن میں حصہ لینے والی یو ایف جی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور محکمے میں موجود کالی بھیٹروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
بھارہ کہو میں گیس چوری کے خلاف آپریشن، 15کنکشن منقطع، قانونی کارروائی شروع








