اسلام آباد (ممتاز نیوز )سینیٹ کے چیئرمین کے طور پر پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما یوسف رضا گیلانی کی نامزدگی کے بعد ڈپٹی چیئرمین کے عہدے کے لیے مسلم لیگ (ن) نے بلوچستان سے امیدوار سامنے لانے کا اصولی فیصلہ کیا ہے ۔ سابق وفاقی وزیر انوشہ رحمن بھی ڈپٹی چیئرمین کی امیدوار ہیں جبکہ سابق صوبائی وزیر فائق جمالی کی اہلیہ بیگم راحت جمالی کا نام اپنی جگہ زیر غور ہے تاہم (ن) لیگ کے دو مزید سینیٹر آغا شاہ زیب درانی اور سیدال ناصر کے نام بھی ڈپٹی چیئرمین کے عہدے کے لیے سامنے آگئے ہیں ۔ حتمی فیصلہ وزیراعظم شہبازشریف ، وزیر خارجہ اسحاق ڈار اوروزیر قانون اعظم نذیر تارڑ سے مشاورت کے بعد کریں گے ۔ آئینی عہدوں کے لحاظ سے دیکھا جائے تو صدر مملکت اور ڈپٹی سپیکر کا عہدہ سندھ کے پاس چلا گیا ہے ، وزیراعظم اور سپیکر پنجاب سے ہیں جبکہ چیئرمین سینیٹ کا عہدہ بھی پنجاب کے حصے میں آگیا ہے لہذا ڈپٹی چیئرمین کا عہدہ بلوچستان کو ملے گا ۔ (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی کے درمیان اشتراک اقتدار کے فارمولے کے تحت ڈپٹی چیئرمین کا عہدہ (ن) لیگ کو دیا گیا ہے ، ذرائع کے مطابق بلوچستان سے بیگم راحت جمالی کا نام سامنے آیا ہے جو سابق صوبائی وزیر فائق جمالی کی اہلیہ ہیں ، فائق جمالی کرپشن کیسز میں سزا یافتہ ہونے کے باعث الیکشن نہیں لڑ سکے تھے اور سپریم کورٹ نے انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت ن ہیں دی ۔راحت جمالی حال ہی میں 5 سال تک صوبائی اسمبلی کی ممبر رہی ہیں جبکہ وہ ضلع ناظم بھی رہ چکی ہیں اور ان کے شوہر 6 ماہ قبل (ن) لیگ میں شامل ہوئے تھے ۔ وہ ایک گھریلو خاتون ہیں اور سیاسی سرگرمیوں میں زیادہ حصہ نہیں لیتی ،اگروہ ڈپٹی چیئرمین بن گئی تو سینیٹ کے اجلاس کی صدارت کریں گی یا نہیں یہ ایک بڑا سوال ہے ۔ دوسری جانب (ن) لیگ کے ایک سینئر رہنما نے پارٹی قیادت کو سینیٹر آغا شاہ زیب درانی اورسینیٹر سیدال ناصر کا نام بھی ڈپٹی چیئرمین کے لیے پیش کر دیا ہے ۔آغا شاہ زیب درانی اس سے پہلے بھی سینیٹر رہ چکے ہیں اور بلوچستان کے سابق وزیر اعلیٰ نواب ثناء اللہ زہری کے قریبی رشتہ دار ہیں جو پیپلزپارٹی میں شامل ہو چکے ہیں جبکہ سیدال ناصر (ن) لیگ کے ایک اہم رہنما ہیں جنہوں نے ہر مشکل وقت میں پارٹی کا ساتھ دیا اور کسی بھی مرحلے پر پارٹی تبدیل نہیں کی ، ان کا نام بھی ڈپٹی چیئرمین کے عہدے کے لیے پیش کیا گیا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف کی سعودی عرب کے دورے سے واپسی کے بعد ڈپٹی چیئرمین کے امیدوارکا باضابطہ اعلان کر دیا جائے گا اورغالب امکان یہی ہے کہ یہ عہدہ بلوچستان کو دیا جائے گا۔
ن لیگ کا ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے بلوچستان سے امیدوار سامنے لانے کا اصولی فیصلہ







