بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کی سیکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات

اسلام آباد (ویب ڈیسک) اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کی سیکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات، 15 اہلکار، 2 سکیورٹی افسر CCTV کیمروں کی تنصیب کیلئے 3 مامور، سیکیورٹی پر ماہانہ 12 لاکھ، کیمروں پر 5 لاکھ خرچ آتا ہے۔

ٹرائل کے دوران جیل اطراف میں رینجرز، ایلیٹ فورس کے اہلکاروں کا گشت، راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کو دی جانے والی اشیائے خورونوش اور دیگر آسائشوں کے بعد اب ان کی سیکیورٹی کے اقدامات کی تفصیلات بھی سامنے آگئی ہیں۔

یہ تفصیلات لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق عمران خان کے وارڈ کی حفاظت کے لیے پیشہ ور تربیت یافتہ افراد مامور ہیں، اڈیالہ جیل میں 10 قیدیوں پر ایک اہلکار لیکن عمران خان کے لیے 15 اہلکار تعینات ہیں، جن میں 2 سیکیورٹی افسران، 3 سیکیورٹی کے لیے لگائے گئے سی سی ٹی وی کیمروں پر مامور ہیں۔

جیل ٹرائل کے دوران ایک جامع سیکیورٹی پلان پر عمل درآمد کیا جاتا ہے۔ اڈیالہ جیل کی حفاظت کے لیے پولیس، رینجرز سمیت مختلف محکمے فرضی مشقیں بھی کرتے ہیں، اڈیالہ جیل کی جانب جانے والے روڈ پر پولیس کی اضافی نفری تعینات ہوتی ہے۔

جیل کے ارد گرد رینجرز اور ایلیٹ فورس کے اہلکار گشت بھی کرتے ہیں۔ عمران خان کی سیکیورٹی پر ماہانہ 12 لاکھ جبکہ سیکیورٹی کے لیے لگائے گئے کیمروں پر 5 لاکھ روپے کا خرچ آیا۔

رپورٹ کے مطابق جیل کے میڈیکل افسر کےعلاوہ 6 میڈیکل افسران عمران خان کے میڈیکل ٹریٹمنٹ کے لیے تعینات ہیں، راولپنڈی کے ایک اسپتال کے اسپیشلسٹ کی ٹیم جیل کا ہفتہ وار دورہ کرتی ہے، اسپیشلسٹ ٹیم ضرورت پڑنے پر عمران خان کا چیک اپ کرتی ہے۔