بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

لاپتہ افراد کامسئلہ حل کرناچاہتے،ماضی کی حکومت نے بھی اس پر کام کیا ،عطاتارڑ

اسلام آباد(ممتازنیوز)وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہاکہ وزیر قانون نے مسنگ پرسن کے ایشو پر تفصیلی روشنی ڈالی، دہشت گردی کا شکار ہونے والے شہداءکے لواحقین کے اس حوالے سے بہت تحفظات ہیں،2022ءمیں ایمان مزاری صاحبہ نے نعیم رحمت نامی کے بارے میں کہا کہ یہ مسنگ پرسن میں شامل ہے، یہ شخص 2019ءمیں لانڈھی جیل میں منشیات کے کیس میں عمر قید کی سزا کاٹ رہا تھا۔2011ءمیں سپریم کورٹ نے لاپتہ افراد کے بارے میں انکوائری کمیشن بنایا تھا،اس کمیشن کے تحت 10023 میں سے 7900 کیس حل ہو چکے ہیں، 23 فیصد کیس زیر التواءہیں۔
منگل کواسلام آبادمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہاکہ ہماری نیت اس مسئلے کو حل کرنا ہے،ماضی کی حکومت نے بھی اس پر کام کیا، اس پر دوبارہ کام ہو رہا ہے،ضمنی انتخابات میں دھاندلی کا ڈھنڈورا پیٹا گیا،اللہ تعالیٰ کے فضل سے مسلم لیگ (ن) نے ضمنی انتخابات میں کلین سویپ کیا،عوام نے محمد نواز شریف کی محبت میں ووٹ دیئے،محمد نواز شریف سے لوگوں کی والہانہ محبت ہے،تحریک انصاف کے جھوٹ، تشدد پر مبنی بیانیہ، قول و فعل میں تضاد اور متضاد بیانات کو پاکستان کے عوام نے مسترد کر دیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کے ووٹر سمیت دیگر لوگوں نے بھی مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیا،نفرت، منافقت اور جھوٹ کا بیانیہ مسترد ہو چکا ہے،بشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے سوشل میڈیا پر مضحکہ خیز باتیں کی جاتی رہیں،ان کے تمام طبی ٹیسٹ درست آئے، وہ صحت مند ہیں،پی ٹی آئی نے قسم کھا رکھی ہے کہ انہوں نے ملکی دفاعی اداروں کے خلاف بات کرنی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ ملک ترقی کی طرف گامزن ہے، ایرانی صدر نے 10 ارب ڈالر کے تجارتی حجم کی بات کی، سعودی وفد نے بھی پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری پر بات کی، سٹاک مارکیٹ ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ چکی ہے، ملک میں سازگار ماحول موجود ہے، ملک میں شہباز شریف کی قیادت میں حکومت سنجیدگی سے معاشی اصلاحات کرنا چاہتی ہے۔
عطا تارڑ نے کہاکہ 306 ملین ڈالر کی آئی ٹی ایکسپورٹس ہوئیں، محمد شہباز شریف کی حکومت کے باعث ملک میں سرمایہ کاری آ رہی ہے، ملک میں سازشی بیانیہ، جھوٹ اور منافقت پر مبنی بیان، فارن پالیسی کے خلاف بیان بازی قصہ پارینہ بن چکے ہیں، پی ٹی آئی نے دوست ممالک کے سربراہان کے دیئے گئے تحفے تک فروخت کر دیئے، زمین بیچ ڈالی، زمن بیچ ڈالا، ایک قیدی نے میرا وطن بیچ ڈالا،پاکستان پہلے ہے، سیاسی جماعتیں بعد میں ہیں، ترقی پاکستان کا مقدر ہے، حکومت پاکستان کی ترقی کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے، انشاءاللہ ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کریں گے۔