بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

نواز شریف چین کے نجی دورہ پر پہنچ گئے، جنید صفدر اور 5 دیگر بھی ہمراہ

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف ایک ہفتے کے دورے پر چین پہنچ گئے۔ ان کے نواسے جنید صفدر اور دیگر پانچ افراد ان کے ساتھ ہیں۔

مسلم لیگ ن کے قائد نے اسے نجی دورہ قرار دیا ہے۔ لندن میں چار سالہ خود ساختہ جلاوطنی سے واپسی کے بعد یہ ان کا پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔ وہ گزشتہ سال اکتوبر میں واپس آئے تھے ۔

سابق وزیر اعظم پیر (22 اپریل) کو چینی ایئر لائن کی پرواز CZ-6038 سے روانہ ہوئے۔ اگرچہ ان کا دورہ سرکاری نوعیت کا نہیں لیکن باوثوق ذرائع نے منگل کی شام یہاں دی نیوز کو بتایا کہ یہ دورہ ملک اور اس کے عوام کے لیے انتہائی نتیجہ خیز ثابت ہو گا کیونکہ اس کے نتیجے میں لاہور میں نواز شریف آئی ٹی سٹی کا قیام عمل میں آئے گا۔

یہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے تمام بڑے شہروں میں اسی طرح کے منصوبے شروع کئے ہیں۔ کئی چینی کمپنیوں نے نواز شریف آئی ٹی سٹی میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ یہ ایک سال کے اندر قائم ہو جائے گی ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف چین کی حکمران جماعت کے رہنماؤں اور بڑے کاروباری گھرانوں سے اپنے روابط بحال کریں گے جو ان کی بہت عزت کرتے ہیں جو بعد ازاں سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں کے قیام کے لئے پاکستان آئیں گے۔