بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پنجاب حکومت کاسموگ کے خاتمے اور ماحول کو بہتر بنانے کے لئےماحولیاتی تحفظ اتھارٹی بنانے کافیصلہ

لاہور(ممتازنیوز)پنجاب کی سینئر وزیرمریم اورنگزیب نے کہاکہ پنجاب حکومت نےسموگ کے خاتمے اور ماحول کو بہتر بنانے کے لئےماحولیاتی تحفظ اتھارٹی (انوائرنمنٹل پروٹیکشن اتھارٹی)بنانے کا فیصلہ کیاہے،اتھارٹی ماحولیاتی تحفظ کے اقدامات اور قوانین پر موثر عمل درآمد یقینی بنائے گی،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی صدارت میں سموگ کابینہ کمیٹی تشکیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔جمعہ کواپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہاکہ پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ میں سموگ مانیٹرنگ سیکٹورل سیل بنایا گیا ہے جس میں ہر ڈیپارٹمنٹ کا نمائندہ موجود ہے،ماحول کی بہتری کے لئے وزیراعلی کے وژن پر عمل درآمد کے لئے لیگل فریم ورک بنانے کا کام شروع کردیا ہے،ہر شعبے کے لحاظ سے قوانین اور ضابطوں پر عمل درآمد کے لئے ہنگامی اقدامات کا ایکشن پلان تیار ہے،ماحول کے تحفظ کے لئے خصوصی فورس بنانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ کون سا شعبہ سموگ میں کتنے اضافے کی وجہ بن رہا ہے، ڈیجیٹل ڈیٹا جمع کیاجائے گا،سموگ ، زہریلے مادوں اور دھوئیں کے اخراج کے ذرائع پر کریک ڈاؤن ہوگا، صنعت اور ٹرانسپورٹ کے شعبے سے متعلق ماحولیاتی قوانین اور ضابطوں پر سختی سے عمل درآمد کرائیں گے، زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر کوئی بھٹہ نہیں چلے گا،زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے بھٹے بند کررہے ہیں، گاڑیوں کے لئے فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیاجارہا ہے، زیادہ دھواں چھوڑنے اور خراب انجن والی گاڑیوں کو بند کیاجائے گا، خراب انجن والی گاڑیوں کی مانیٹرنگ اور سرٹیفیکشن کا نظام لایا جا رہاہے، زہریلے دھوئیں پر کنٹرول کے لئے تمام صنعتوں کو ’ایمشن کنٹرول سسٹمز‘ لگانے کا پابند کرنے کا نظام تیار کر لیا گیا۔