بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

’وزیراعلیٰ مریم نواز مفت وائی فائی‘، لاہور کے کن 50 مقامات پر مفت انٹرنیٹ دستیاب ہے؟

پنجاب حکومت نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی جانب سے شہریوں کو انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے کے لیے لاہور کے 50 مقامات پر مفت وائی فائی سروسز کا آغاز کر دیا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ’لاہور کے 50 مقامات پر مفت وائی فائی (انٹرنیٹ) کا آغاز ہوگیا ہے، جبکہ دیگر مقامات پر بھی اس پر کام کیا جارہا ہے۔‘

انہوں نے مزید لکھا کہ ’الحمداللہ، ہم جو وعدہ کیا تھا اسے پورا کیا‘۔

وزیراعلیٰ نے گزشتہ ماہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے حکام کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں لاہور میں مفت وائی فائی پائلٹ پراجیکٹ کے آغاز کو آگے بڑھایا تھا۔

اس اقدام کا مقصد مختلف عوامی مقامات پر مفت وائی فائی تک رسائی فراہم کرنا ہے تاکہ شہری ایک دوسرے سے باآسانی رابطے قائم کرسکیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے محکمہ آئی ٹی کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ ترجیحی طور پر تعلیمی اداروں، ایئرپورٹس، ریلوے اسٹیشنز اور بس اسٹینڈز پر بھی انٹرنیٹ کی مفت سروس کا آغاز کریں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور میں جلد ہی مجموعی طور پر 516 مقامات پر مفت وائی فائی کی سہولت میسر ہوگی۔

لاہور اور دیگر شہری علاقوں میں مفت وائی فائی سروسز کا آغاز پاکستان مسلم لیگ نواز کی حکومت نے 2016 میں شروع کیا تھا، تاہم پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے صوبے بھر میں بھاری سالانہ سبسڈی کے باعث پنجاب وائی فائی پراجیکٹ بند کر دیا ہے۔

ابتدا میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ اس سروس کا انتظام کر رہی تھی لیکن اب پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اس کی نگرانی کرتا ہے۔