بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاک فوج معاشی ترقی کےلئے حکومت کی ہرممکن تعاون فراہم کرے گی،آرمی چیف

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان پر اللہ کا خصوصی فضل ہے کہ اس میں ایک باہمت قوم آباد ہے، جسے قومی ترقی کے لیے متحد ہونے کی ضرورت ہے، پاک فوج پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔
پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ جمعہ کو گرین پاکستان انیشی ایٹو (جی پی آئی) کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی رانا تنویر حسین اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے شرکت کی۔ کانفرنس میں قومی ادارے سے وابستہ سول اور فوجی حکام نے بھی شرکت کی۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان پر اللہ کا خصوصی فضل ہے کہ اس میں ایک محنتی اور باہمت قوم آباد ہے جسے قومی ترقی کے لیے متحد ہونے کی ضرورت ہے۔
آرمی چیف نے یقین دلایا کہ پاک فوج پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے اپنا ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ افواج پاکستان جامع قومی سلامتی اور قوم کی اجتماعی بھلائی میں بھرپور کردار ادا کریں گی۔
پریس ریلیز کے مطابق فورم کو جی پی آئی کے کثیر الجہتی اقدامات اور قلیل عرصے میں حاصل ہونے والے اہم معیارات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
فورم کے سامنے پیش کیے جانے والے اقدامات میں دیگر امور کے ساتھ ساتھ ماڈل فارمز کا قیام، واٹر مینجمنٹ اسکیمیں، ٹیکنالوجی کی جدت طرازی اور سرمایہ کاری اور شراکت داری شامل ہیں جن کا مقصد فوڈ سیکیورٹی کو یقینی بنانا اور پاکستان میں زرعی پیداوار میں اضافہ کرنا ہے۔
اجلاس کے اختتام پر وفاقی وزراء نے اس تبدیلی کے اقدام کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ زراعت پاکستان کی لائف لائن ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ جی پی آئی پاکستان کے زرعی شعبے میں عصر حاضر کے جدید اور بہترین طریقوں کو متعارف کرائے گا۔