اسلام آباد(شیراز حسین) صدر تحریک انصاف آزاد جموں کشمیر و سابق وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہاہےکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کےلئے ریاست گیراحتجاجی مہم کا باقاعدہ آغاز کریں گے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے وفدسے گفتگوکرتےہوئے سردار عبد القیوم نیازی نے کہاکہ ریاست گیر “سفیر کشمیر عمران خان کو رہا کرو ” مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھمبر تا تاو بٹ تک سفیر کشمیر عمران خان کو رہا کرنے کیلئے پر امن احتجاجی ریلیاں ، کنونشنز اور مظاہرے کیے جائیں گے،۔ ایک سوال کے جواب میں عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ عمران خان کشمیریوں کے سفیر ہیں ۔

انہوں نے ہمیشہ تمام عالمی فورمز پر کشمیریوں کیلئے بھرپور آواز بلند کی،کشمیری اپنے محسن ، اپنے سفیر ، امت مسلمہ کے عظیم لیڈر کی رہائی کیلئے بھرپور آواز بلند کرتے رہیں گے،عمران خان کے خلاف سیاسی انتقام پر کشمیریوں کو سخت کو تشویش ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف کیسز کو لٹکایا جا رہا ہے،مستحکم پاکستان ہی کشمیریوں کا مقدمہ جاندار انداز میں لڑ سکتا ہے،ملک میں معاشی استحکام کیلئے سیاسی استحکام ناگزیر ہے،عمران خان سمیت تمام قائدین کے خلاف جعلی کیسز ختم کیے جائیں اور انہیں رہا کیا جائے،پی ٹی آئی آزاد کشمیر عمران خان کی رہائی تک چین سے نہیں بیٹھے گی،پی ٹی آئی آزاد کشمیر میں گراس روٹ لیول تک منظم کر دی۔








