بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

آئی ایم ایف محکموں کی گورننس درست کرنے کا کہہ رہا ہے: اعظم نذیرتارڑ

اسلام آباد(نیوزڈیسک) وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑنے کہا ہے کہ ایف بی آر ریفارمر کا ایجنڈا وزیر اعظم کی ترجیحات میں شامل ہیں،آئی ایم ایف محکموں کی گورننس درست کرنے کا کہہ رہا ہے۔

اسلام آباد میں وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے کہ پاکستان مشکل معاشی بحران سے گزر رہا ہے ، زبانی بات چیت کرنے سے معاملات حل نہیں ہوں گے، وزیر اعطم نے ایف بی آر میں اصلاحات کا بیڑہ اٹھایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کہتا ہے کہ محکموں کی گورننس کو درست کریں ،بجلی چوری اور ٹیکس چوری روکیں ، بجلی چوری لائن لاسز سے عام آدمی پر بھاری بلوں کا بوجھ پڑتا ہے، ہم نے چار ہفتوں میں اصلاحات تیار کیں جنہیں پارلیمنٹ نے منظور کیا۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ اس وقت 2700ارب کے مقدمات کمشنر لینڈ اینڈ ریونیواوراعلیٰ عدالتوں میں زیر التوا ہیں، ہم 50،50ارب کیلئے بہت مشکلات کے ساتھ گزارا کررہے ہیں، انکم ٹیکس نہ دینا اور کم ٹیکس دینا ہمارا مسئلہ ہے جس کی محکموں نے نشاندہی کرنی ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جو ٹیکس دے رہے سار ازور انہی پر آجاتا ہے، کابینہ میں بات چیت ہوئی ہے کہ ٹیکس کے نظام میں بہتری لانی ہے، جو پہلے سے ٹیکس دے رہے ہیں انہی پر بوجھ ڈال دیں تو یہ نہیں ہوگا، ہم جب ٹیکس کی صحیح کلیکشن کریں گے تو سب پر بوجھ کم آئے گا، پارلیمنٹ نے ٹیکس ٹریبونل سے متعلق پہلا قانون پاس کیا۔

انہوں نے کہا کہ کسٹم سروس کے بڑے سکیل پر تبادلے ہوئے جو اوپر سے نیچے کی طرف جائیں گے، یہ تبادلے حکومت اور ایف بی آر کی ڈومین میں ہیں، لوگ ماضی میں اچھا کام کرتے آئے اور انہیں سائیڈ لائن رکھا گیا، پوسٹنگز ٹرانسفر میں سروس لاء بہت واضح ہیں۔

اعظم نذیر تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ ایسا ایکشن جو کسی کو بغیر پروسیڈنگز کے داغدار کرے وزیراعظم اس پر یقین نہیں رکھتے، پوسٹنگ ٹرانسفرز محکمے کی صوابدید ہوتی ہے، شکوک وشبہات کو دور کرنے کیلئے یہ ایکسائز شروع کی گئی۔

سعودی ولی عہد کا حکم ہے پاکستان سے مکمل تعاون کرنا ہے:عطار تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب کامیاب رہا، دہائیوں میں اتنا کامیاب دورہ نہیں دیکھا گیا، سعودی وزرا سے وزیراعظم کی میٹنگز ہوئیں، ہر وزیر نے آکر کہا کہ سعودی ولی عہد کا حکم ہے ہم نے پاکستان کیلئے کوشش کرنی اور پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کرنا ہے۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم جب پچھلی بار سعودی عرب گئے تو سعودی وزیر خزانہ پاکستان آئے، اب بھی اگلے چند ہی روز میں سعودی کاروباری شخصیات کا وفد اسلام آباد آرہا ہے، اسلام آباد میں سعودی کاروباری شخصیات کیلئے جامع پروگرام مرتب کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پاک سعودی تعلقات میں ایک نیا موڑ ہے، ہماری معیشت کو جو اس سے فائدہ ہوگا وہ آئندہ چند ماہ میں دیکھیں گے، معیشت مزید مضبوط ہوگی، سعودی کاروباری شخصیات کے وفد کیلئے وزیراعظم کی ہدایات پر بھرپور تیاری کی جارہی ہے، وفود کا آنا اور یہاں سے جانا جاری رہے گا۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک مہم دیکھنے میں آئی، آن لائن ہراساں کیے جانے پر حکومت کوئی تجاویز دے، کسی بھی منفی ٹویٹ سےمعیشت کو ناقابل تلافی نقصان ہوتا ہے، کہا جاتا ہے سٹاک مارکیٹ خدانخواستہ کریش کرجائے گی، بطور پاکستانی ہماری ذمہ داری ہے ڈیجیٹل رائٹس کے تحفظ کیلئے مل کر کام کریں، آج کل آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا دور ہے کسی کا چہرہ پکڑ کر کہیں لگادیا جاتا ہے۔