بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

یہ ہماری مخصوص نشستیں تھیں، ہمارے ساتھ غیر آئینی اور غیرقانونی سلوک ہوا، بیرسٹر گوہر

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ یہ ہماری مخصوص نشستیں تھیں، ہمارے ساتھ غیر آئینی اور غیرقانونی سلوک ہوا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 78 مخصوص سیٹیں دیگر جماعتوں کو دی گئیں، ہم یہ کہتے رہے کہ کسی جماعت کو اس کےحق سے زیادہ سیٹیں نہیں مل سکتیں،ان مخصوص نشستوں پر سنی اتحاد کونسل کا حق تھا۔

انہوں نے بتایا کہ آج سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن اور پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کردیا، ہمیں عدلیہ پر اعتماد ہے، عوامی حقوق کا تحفظ سپریم کورٹ کی ذمہ داری ہے، ہماری عدلیہ سے درخواست ہے دیگر کیسز کو بھی ایسے ہی سنیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہمارے کسی کے ساتھ مذاکرات نہیں ہورہے ہیں۔

بعد ازاں وکیل سلمان اکرم راجا نے بتایا کہ آئین کا حلیہ بگاڑنے والوں کو شکست ہوئی ہے، فتح آئین اور سچائی کی ہوگی۔

رہنما پی ٹی آئی کنول شوزب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دن دیہاڑے ہمارے حقوق پر ڈاکہ ڈالا گیا مگر سپریم کورٹ کےفیصلے سے ہمیں بہت خوشی ہوئی۔