بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان 9 مئی کے واقعات پر مٹی پاؤ کا متحمل نہیں ہوسکتا: بلاول بھٹو

 

کراچی(ممتاز نیوز)  پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان 9 مئی کے واقعات پر مٹی پاؤ کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

تفصیلات کے مطابق سانحہ 9 مئی کو ایک سال مکمل ہونے پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ 9 مئی کا دن ملکی تاریخ کا ایک اور سیاہ دن ہے، انصاف کا تقاضا ہے کہ قائداعظم کے گھراور فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو قانون کا سامنا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات ملک میں انارکی پھیلانے اور فسطائیت مسلط کرنے کی گھناؤنی سازش تھے، سب کو پتا ہے کہ 9 مئی کے قابلِ مذمت واقعات کس کے اُکسانے اور کس کی ایماء پر کئے گئے، پاکستان 9 مئی کے واقعات پر مٹی پاؤ کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں کسی سیاسی جماعت کی جانب سے ایسے اقدام کی کوئی مثال نہیں ملتی، ملک کے خفیہ دستاویزات کو لیک کرنا اور فوجی تنصیبات پر حملے کرنا سیاست نہیں ملک دشمنی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی آج بھی اپنے اس موقف پر قائم ہے کہ 9 مئی واقعات کی چیف جسٹس کی سربراہی میں جوڈیشل انکوائری ہونی چاہیے لیکن پی ٹی آئی سمیت تمام پارٹیوں کو یقین دہانی کرانا ہوگی کہ جوڈیشل کمیشن کا جو بھی فیصلہ ہوگا اسے تسلیم کیا جائے گا۔