بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس، 9 مئی واقعات میں پی ٹی آئی کے براہ راست ملوث ہونیکا انکشاف

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے سانحۂ 9 مئی میں براہِ راست ملوث ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
یہ انکشاف وزیرِاعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں پیش کی گئی رپورٹ میں کیا گیا ہے۔
نگراں دورِ حکومت میں 9 مئی کے واقعات کی تحقیقات پر قائم کابینہ کمیٹی کی رپورٹ اجلاس میں پیش کی گئی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کابینہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کی، جس میں تحریکِ انصاف کے 9 مئی میں براہِ راست ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نگراں کابینہ کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں وفاقی کابینہ نے قانون سازی کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق کابینہ کے اراکین نے 9 مئی میں ملوث عناصر کے خلاف مقدمات جلد منطقی انجام تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ کابینہ اراکین نے مؤقف اختیار کیا کہ امریکا میں کیپیٹل ہل کے واقعے میں ملوث عناصر کو سزا ہوئی تو 9 مئی کے مجرمان کو اب تک سزا کیوں نہ ہوئی؟
اجلاس میں کون کون شریک؟
واضح رہے کہ سانحہ 9 مئی کے حوالے سے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس جاری ہے۔
وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں مسلم لیگ ضیاء کے سربراہ اعجاز الحق بھی شریک ہیں۔
اجلاس میں وفاقی وزراء کے علاوہ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نوید قمر اور شیری رحمٰن بھی شریک ہیں۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم اور تاریخ سانحۂ 9 مئی کےکرداروں کو کبھی معاف نہیں کرےگی۔9 مئی محض تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن نہیں،یہ ریاست پر سیاست قربان کرنے، سیاست کے لیے ریاست پر حملے کی دو سوچوں کو الگ کرنے والا دن ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ایک طرف وطن پر لہو نچھاور کرنے والے قوم کے عظیم بیٹے ، ان کے عظیم اہلِ خانہ اور محبِ وطن عوام ہیں تو دوسری طرف نفرت کی آگ میں سلگتے کردار ہیں۔

وزیرِاعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ یہ وہ کردار ہیں جن کے دل میں ریاستی مفادات کا کوئی درد نہیں ہے، ایک سال گزر گیا لیکن قوم اور پاکستان اپنے مجرموں کو نہیں بھولے ہیں، نہ بھولیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ارضِ پاک، عظیم شہداء، ان کے ورثا اور قوم سے وعدہ ہے کہ 9 مئی پھر کبھی نہیں ہو گا، ہمیں آگے بڑھنا ہے اور ترقی کی منازل طے کرنی ہیں، اپنی آنے والی نسلوں کو ایک روشن مستقبل دینا ہے۔
اجلاس میں شہداء سے اظہارِ یکجہتی کیا جائے گا
اجلاس میں وفاقی کابینہ 9 مئی کے واقعات پر حکومتی پالیسی کی منظوری دے گی۔کابینہ کے اجلاس میں شہداء سے اظہارِ یک جہتی کیا جائے گا۔
وفاقی کابینہ 9 مئی پر پارلیمنٹ کی بالادستی اور جمہوری رویوں کے فروغ پر زور دے گی۔
ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں سانحۂ 9 مئی سے متعلق وائٹ پیپر جاری کیا جائے گااور مذمتی قرارداد بھی منظور کی جائے گی۔