بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سعودی شاہ کی عازمین حج کو بہترین خدمات فراہم کرنیکی ہدایت

سعودی عرب کے فرماں روا، خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے حکام کو عازمین حج کے لیے بہترین خدمات فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

سعودی میڈیا کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے عازمین حج کے لیے بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے تاکہ عازمین مناسکِ حج آسانی اور آرام سے ادا کر سکیں۔

سعودی میڈیا کے مطابق منگل کو جدہ میں خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے وزراء کونسل کے ہفتہ وار اجلاس کی صدارت کی۔

اس موقع پر انہوں نے زور دیا کہ خانہ کعبہ اور مسجد نبوی ﷺ کی خدمت اور یہاں آنے والے زائرین کا خیال رکھنا اور ان کے لیے آرام اور سہولتیں یقینی بنانا سعودی عرب کی اولین ترجیحات ہیں۔

سعودی میڈیا کے مطابق شاہ سلمان نے حج کے معاملات اور کاموں کو انجام دینے والے سعودی حکام کو سعودی عرب کے داخلی راستوں کے ساتھ ساتھ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، منیٰ، عرفات اور مزدلفہ کے مقدس مقامات پر حجاج کرام کو بہترین سہولیات اور بہترین خدمات کی فراہمی جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے یہ بھی دعا کی کہ اللّٰہ تعالیٰ سب کو اس عظیم کام کو بہترین طریقے سے انجام دینے میں کامیابی عطا فرمائے۔

واضح رہے کہ مختلف ممالک سے عازمینِ حج کا سعودی عرب پہنچنے کا سلسلہ جاری ہے۔