بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مشی خان مردوں کے فیشن اسٹائلز پر برس پڑیں

پاکستانی معروف اداکارہ و میزبان مشی خان نے نجی ٹی وی چینل کے اسٹائلز ایوارڈز شو میں مردوں کی جانب سے پہنے گئے ملبوسات پر سخت تنقید کی ہے۔

یاد رہے کہ حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کی جانب سے اسٹائل ایوارڈز شو کا انعقاد کیا گیا تھا جس پر عوام کی جانب سے بھی سخت ردِ عمل سامنے آیا تھا۔

اس ایوراڈز شو میں فنکاروں نے نت نئی تراش خراش کے فیشن ایبل ملبوسات کا استعمال کیا تھا اور مرد ماڈل نے لپ اسٹک بھی لگائی ہوئی تھی۔

انٹرنیٹ صارفین کا اس اسٹائل ایوارڈز شو میں پہنے گئے ملبوسات پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستانی فنکار بھول گئے ہیں کہ یہ پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

صارفین نے تبصرے کرتے ہوئے کہا تھا کہ فنکاروں کے مردوں اور خواتین کے ملبوسات کو دیکھ کر لگ رہا ہے کہ وہ پاکستان کے شہر کراچی میں نہیں بلکہ بین الاقوامی فیشن تقریب ’میٹ گالا‘ میں شرکت کر رہے ہیں۔

اب اس موضوع پر مشی خان نے بھی اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ایوارڈز شو میں پہنے گئے ملبوسات خصوصاً مردوں کے پہناووں پر تنقید کی ہے۔

اداکارہ نے اپنی ویڈیو میں فیشن ڈیزائنرز سے درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ خدارا لڑکوں کو لڑکا ہی رہنے دیں۔

مشی خان نے مردوں کو عجیب و غریب کپڑے پہننے سمیت لپ اسٹک لگانے پر بھی تنقید کا نشانہ بنایا ہے، اداکارہ نے اپنی ویڈیو میں سوال اٹھایا ہے کہ فیشن انڈسٹری کے افراد کس ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں؟

مشی خان کا ویڈیو میں مزیدکہنا ہے کہ انہیں سمجھ نہیں آ رہا کہ فیشن ڈیزائنرز پاکستانی مردوں اور لڑکوں کے لیے اس طرح کا لباس کیوں تیار کر رہے ہیں؟ پاکستان میں کون سا لڑکا اس طرح کا لباس پہنتا ہے؟ فیشن ڈیزائنرز اور شو منتظمین لڑکوں کو لڑکا ہی رہنے دیں تو اچھا ہے۔

مشی خان کی جانب سے شیئر کی گئی اس ویڈیو سے سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد اتفاق کر رہی ہے۔