عالمی عدالت جرائم نے اسرائیلی وزیر اعظم بجمن نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق عالمی عدالت جرائم کے چیف پراسیکیوٹر کریم خان نے سی این این کو انٹرویو میں بتایاکہ جنگی جرائم پر نیتن یاہو اور اسرائیلی وزیر دفاع کے وارنٹ مانگے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ 7 اکتوبر کے حملوں پر حماس کے رہنماؤں اسمٰعیل ہنیہ اور یحیٰ سنوار سمیت 3 رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ اسرائیلی اعداد و شمار کے مطابق 7 اکتوبر کو ہونے والے حماس کے حملے میں تقریباً ایک ہزار 200 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
اسرائیلی فوج کا دعوی ہے کہ 20 اکتوبر کو غزہ پر پہلی زمینی کارروائی کے بعد سے تنازع میں اب تک 280 سے زائد اسرائیلی فوجی مارے جا چکے ہیں۔
یاد رہے کہ 7 اکتوبر کے حماس حملے کے بعد سے اسرائیل کی غزہ میں بہیمانہ کارروائیاں جاری ہیں، حماس کے زیر انتظام غزہ کی وزارت صحت کے مطابق غزہ میں کم از کم 35 ہزار فلسطینی شہید ہوچکے ہیں اور امدادی اداروں نے بڑے پیمانے پر بھوک ، ایندھن اور طبی سامان کی شدید قلت سے بھی خبردار کیا ہے۔









