اسلام آباد:مسلم لیگ (ن) کے رہنماسابق وفاقی وزیرمشاہدحسین سیدنے اس بات کاانکشاف کیاہے کہ جب میاں نوازشریف کی دعوت پر بھارت کے سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی بس پر بیٹھ کر لاہورآئے توسابق صدرجنرل پرویزمشرف مرحوم سمیت دیگرسروسز چیفس نے عشائیے کے موقع پرانہیں سیلوٹ کیاتھااور اس کی کوریج نہیں ہوئی تھی ،میں اس کاعینی شاہدہوں،قائداعظمؒ نے فوج ،اسٹیبلشمنٹ اور ایٹم بم کی حمایت کے بغیر عوام کی حمایت سے پاکستان بنایاجب پیپلزپارٹی کے رہنما سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر کاکہناہےکہ میموگیٹ سکینڈل صدرآصف زرداری کے خلاف ایک خودکش حملہ تھا اس خود کش حملے کی تیاری اس وقت کے آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی نے کی اور ایک اہم سیاسی جماعت کے سویلین رہنماکالاکوٹ پہن کر معاونت کیلئے عدالت پہنچ گئے ،دونوں سیاسی رہنماوں نے یہ بات سابق ریٹائرڈ سینئربیوروکریٹ وسابق محتسب سلمان فاروقی کی کتاب ’’ڈیئرمسٹرجناح‘‘کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کہی ،اس تقریب سے سابق سیکرٹری خارجہ سہیل محمود سابق سیکرٹری شکیل درانی ودیگراہم شخصیات نے خطاب کیا،تقریب میں بڑی تعدادمیں ریٹائرڈ بیوروکریٹس ،اخبارنویسوں اور سابق سفارتکاروں نے شرکت کی ،مشاہدحسین سیدنے کہاکہ سلمان فاروقی تمام طبقات میں مقبول رہے ،وہ ایک زمانے میں جنرل ضیاء الحق کے بھی بہت قریب تھے بعدازاں وہ بے نظیربھٹواور نوازشریف کے بھی قریب رہے ،انہوںنے اپنی کتاب میں بہت سے تاریخی حوالے دیئے ہیں ،محمدخان جونیجو ،جو کہ غیرجماعتی الیکشن کے نتیجے میں وزیراعظم بنے تھے مگر پہلے ہی ہفتے یہ بیان دے دیاکہ مارشل لاء اور جمہوریت ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے اور ان کی یہ تقریر ٹی وی پر روکی گئی جس پر محمدخان جونیجو نے جنرل ضیاء الحق کے قریبی ساتھی سابق سیکرٹری اطلاعات میجرجنرل مجیب الرحمان کو عہدے سے برطرف کردیا، انہوں نے کتاب میں واجپائی کے دورہ پاکستان کے معاملے پر لکھے گئے ایک پیرے کا حوالے دیتےہوئے کہاکہ یہ تاثر غلط ہے کہ جنرل پرویزمشرف نے واجپائی کے اعزاز میں نوازشریف کی طرف سے دیئے گئے ڈنرکابائیکاٹ کردیاتھا اور سیلوٹ نہیں مارا تھا،مشاہدحسین سیدنے کہاکہ میں اس وقت وزیراطلاعات تھا اور تمام واقعات کا عینی شاہد ہوں،نہ صرف پرویزمشرف بلکہ دیگرسروسز چیفس نے بھی اٹل بہاری واجپائی کو سیلوٹ مارا تھا لیکن اس کی ٹی وی پر کوریج کی اجازت نہیں دی گئی تھی،فرحت اللہ بابر نے اپنے خطاب میں کہاکہ سلمان فاروقی نے اپنی طویل اننگز میں بھرپورچھکے لگائے ،کتاب لکھ کر انہوں نے بہترین چھکالگایاہے ،یہ چودہ وزارتوں کے سیکرٹری رہے ،صدرکے سیکرٹری جنرل اور محتسب رہ چکے ہیں کورکمانڈرکے علاوہ سلمان فاروقی ہرعہدے پر فائز رہے ،1971ء کے واقعات کا بھی انہوں نے کتاب میں تذکرہ کیاہے،جب فاروق لغاری نے بے نظیربھٹو شہید کی حکومت کو برطرف کیاتو اگلے دن میری اور سلمان فاروقی کی بے نظیربھٹو سے طویل ملاقات ہوئی ،وہ 50منٹ تک بولتی رہیں اور فاروق لغاری کے بارے میں بہت باتیں کیں،جب وہ خاموش ہوئیں تو میں نے صرف اتناکہا’’وہ اس شعرمیں معتبرمیری وجہ سے ہوا،پھراسی کام میں نہ معتبراس نے کیا‘‘جس پر بی بی نے پوچھامعتبر سے کیامراد ہے تو میں نے کہاکہ فاروق لغاری کو آپ نے ڈی جی خان سے اٹھاکر ایوان صدر تک پہنچایااور اس نے یہ کھیل کھیلا،میموگیٹ سکینڈل کا حوالہ دیتے ہوئے فرحت اللہ بابر نے انکشاف کیاکہ اس کتاب میں میموگیٹ پر بھی سلمان فاروقی نے لکھاہے ،میں صرف یہ جانتا ہوں کہ میمو گیٹ صدرآصف زرداری کے خلاف خود کش حملہ تھااور یہ حملہ اس وقت کے آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی نے کیااور اہم سیاسی رہنما کالاکوٹ پہن کرعدالت گیا،فاروقی صاحب آپ کی یہ بات درست نہیں کہ یہ فائر ورکس تھا بلکہ یہ خود کش حملہ تھااس سویلین سیاسی رہنمانے بعدازاں اپنی غلطی کااعتراف کیامگر وردی والوں نے آج تک اپنی غلطی کا اعتراف نہیں کیاآج وہ کہاں ہیں اور آصف زرداری دوبارہ ایوان صدر میں بیٹھاہے۔
مشرف نے واجپائی کو سیلوٹ کیاتھایانہیں؟مشاہدحسین سید نے پہلی باررازسے پردہ اٹھادیا








