اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت بجلی کی لوڈ شیڈنگ، بجلی چوری کی روک تھام اور توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، وزیراعظم نے بجلی کی عدم فراہمی سے متعلق شکایت کے بروقت اندراج کے لیے تقسیم کار کمپنیوں میں صارفین کی سہولت کے مؤثر اور متحرک نظام قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ بڑھتی ہوئی گرمی کے پیش نظر ملک میں کم سے کم لوڈ شیڈنگ کی جائے، نئے ٹرانسفارمرز کی خریداری صرف اور صرف بین الاقوامی معیار کی خصوصیات کے مطابق ہو، انہوںنے ہدایت کی کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے لیے عالمی سطح پر رائج جدید نظام سے استفادہ لیا جائے، وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں کو انسداد بجلی چوری مہم میں بھرپور ساتھ دینے اور بجلی چوروں کو قرار واقعی سزائیں دینے کی ہدایت کی ،انہوں نے ملک میں اوور بلنگ کے سدباب کی سختی سے ہدایت بھی کی،اجلاس کو بتایاگیاکہ اوور بلنگ کے ضمن میں یکم اپریل سے 30 مئی تک 134 مقدمات درج اور 90 ملازمین کو گرفتار کیا جا چکا ہے، اجلاس میں وزیراعظم کو نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کی تنظیم نو کے عمل میں اب تک کی پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی،اجلاس کو بتایاگیاکہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے سلسلے میں آئیندہ سال کے ترقیاتی بجٹ میں 124611 ٹرانسفارمرز کی میٹرنگ کا منصوبہ بھی شامل کیا گیا ہے، اجلاس کو بریفنگ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے IESCO کے ایک تہائی صارفین سمارٹ میٹرز پر منتقل کیے جا رہے ہیں بعد ازاں اس منصوبے کا دائرہ کار ملک کے دیگر علاقوں تک بڑھایا جائے گا، اجلاس میں ملکی سطح پر بجلی کی طلب و رسد اور لوڈ شیڈنگ کے رجحانات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی،اجلاس کو بتایاگیاکہ انسداد بجلی چوری مہم میں 7 ستمبر 2023 سے اب تک 160004 ایف آئی آر درج، 79885 لوگ گرفتار اور 448 ملازمین معطل کیے جا چکے ہیں۔
وزیراعظم کاصوبائی حکومتوں کو انسداد بجلی چوری مہم میں ساتھ دینے ، چوروں کو قرار واقعی سزائیں دینے کی ہدایت








