بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سیلزٹیکس کی مدمیں 2 ہزار 858 ارب ٹیکس چھوٹ دینےکاانکشاف

اسلام آباد(اصغر چوہدری) وفاقی حکومت کے جاری اقتصادی سروے میں انکشاف ہوا ہے کہ صرف ایک سال کے دوران 3 ہزار 979 ارب روپے ٹیکس کی چھوٹ دی گئی ہے ۔کسٹمز ڈیوٹی کے تحت 543 ارب 52 کروڑ، انکم ٹیکس کی مد میں 476 ارب 96 کروڑ ، موبائل فونزپر 33 ارب سمیت بعض شعبوں کو 146 ارب 59 کروڑ کا استثنیٰ دیاگیا۔منگل کو وفاقی وزیر خزانہ کے پیش کردہ اقتصادی سروے2023/24میں انکشافات کی بھر مار ہے ۔اقتصادی سروے میںانکشاف ہوا ہے کہ خراب ترین معاشی صورتحال اور عام عوام پر ایک جانب بجلی و پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے پہاڑ کھڑے کیئے جا رہے تھے جبکہ دوسری جانب ہزاروں ارب روپے کی ٹیکس چھوٹ بھی دی گئی ہے ۔ رواں مالی سال 3 ہزار 979 ارب روپے کی ٹیکس چھوٹ دی گئی، یہ چھوٹ انکم ٹیکس،سیلزٹیکس،کسٹمزڈیوٹی کی مدمیں دی گئی ۔ سروے رپورٹ کے مطابق سیلزٹیکس کی مدمیں 2 ہزار 858 ارب اور کسٹمز ڈیوٹی کے تحت 543 ارب 52 کروڑکی ٹیکس چھوٹ دی گئی۔اقتصادی سروے کے مطابق انکم ٹیکس کی مد میں 476 ارب 96 کروڑ ، گاڑیوں کی صنعت سمیت بعض شعبوں کو 146 ارب 59 کروڑ کا استثنیٰ دیاگیا ، ٹیکس چھوٹ درآمدات، زیروریٹنگ، لوکل سپلائز پردی گئی، موبائل فونزپر 33 ارب روپے سے زیادہ کی ٹیکس چھوٹ دی گئی، فاٹا اورپاٹاکو بھی کسٹمزڈیوٹی کی مدمیں 78 ارب روپے ٹیکس چھوٹ دی گئی۔