پاکستان چیمپئینز ٹرافی کے تمام میچز پاکستان میں کرانے کے موقف پر ڈٹ گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان چیمپئینز ٹرافی کے تمام میچز پاکستان میں کرانے کے موقف سے نہیں ہٹے گا اور ’’ پاکستان کا ایونٹ ، پاکستان میں ‘‘ پی سی بی کا ایک ہی موقف برقرار رہے گا۔
پی سی بی تین وینیوز پر تمام 8 ٹیموں کے میچز کے انتطامات کرنے میں مصروف ہے اور چیمپئینز ٹرافی کے لیے اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کےلیے بھاری اخراجات کئے جا رہے ہیں۔
ہائی برڈ اور پلان بی کی باتیں ہونے سے پی سی بی اپنے انتظامات نہیں روکے گا اور آئی سی سی کے اجلاس میں پاکستان اپنا موقف زور دار طریقے سے پیش کرے گا۔
پلان بی رکھنا آئی سی سی کا کام ہے ، پاکستان کا کام اپنے موقف کے ساتھ آگے بڑھنا ہے، بھارت کے سوا چیمپئینز ٹرافی کی تمام ٹیمیں پاکستان میں کھیل چکی ہیں اور بھارت کا پاکستان نہ آنے کا موقف کمزور ہے۔
اگر بھارت نہ آیا تو پاکستان بھی 2026 کے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لیے بھارت نہیں جائے گا۔
ماضی کے مقابلے میں پاکستان مستقبل میں سخت موقف اپنائے گا اور 2024 میں کسی کے لیے پاکستان سے میچز منتقل کرنا آسان نہیں ہے۔








