بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کینیڈا لیگ ؛ منتظمین کو آئی سی سی سے منظوری کا انتظار

کراچی: گلوبل ٹی 20 کینیڈا لیگ کے منتظمین کو آئی سی سی سے منظوری کاانتظار ہے، بعض حلقوں کے مطابق تاخیر کی وجہ کرکٹ کینیڈا کے واجبات کی عدم ادائیگی ہے ، بعض ذرائع ایک بھارتی اونر کی مبینہ مشکوک سرگرمیوں اور تحقیقات کا انکشاف بھی کر رہے ہیں، پاکستانی اسٹارز بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین آفریدی کو پی سی بی نے تاحال ایونٹ میں شرکت کی اجازت نہیں دی۔

تفصیلات کے مطابق گلوبل ٹی 20 کینیڈا لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا 25 جولائی سے 11 اگست تک انعقاد ہونا ہے، البتہ اب تک ایونٹ کو آئی سی سی نے شرف قبولیت ہی نہیں بخشی، درخواست پر جلد کوئی فیصلہ متوقع ہے، بعض حلقوں کے مطابق منتظمین نے کرکٹ کینیڈا کے واجبات اب تک ادا نہیں کیے ہیں، یہ معاملہ حل ہونے پر ہی اجازت ملے گی۔

دوسری جانب بعض ذرائع نے بھارت سے تعلق رکھنے والے ایک ٹیم اونر کی مبینہ مشکوک سرگرمیوں اور تحقیقات کا بھی ذکر کیا، ان کا کہنا ہے کہ آئندہ کچھ دنوں میں اس حوالے سے سنسنی خیز تفصیلات سامنے آ سکتی ہیں۔

یاد رہے کہ آئی سی سی کی پالیسی ہے کہ وہ اس قسم کے معاملات پر کوئی تبصرہ نہیں کرتی، ایونٹ میں پاکستانی اسٹار شاہین آفریدی اور محمد نواز ٹورنٹو نیشنلز کی ٹیم کا حصہ بنے،وینکوور نائٹس نے قیادت محمد رضوان کو سونپی،ان کے ساتھ بابر اعظم اورمحمد عامر بھی ٹیم میں شامل ہوئے، البتہ پی سی بی نے کھلاڑیوں کو تاحال ایونٹ کیلیے این او سی نہیں دیا، اس کی وجہ آئی سی سی کی جانب سے ٹورنامنٹ کو منظور نہ کیا جانا بتائی گئی،

حکام نے چند روز قبل کھلاڑیوں پر کام کا بوجھ کم کرنے کیلیے بھی لیگز میں شرکت محدود کرنے کی پالیسی تشکیل دینے کا اعلان کیا تھا البتہ مکمل تفصیلات ابھی ظاہر نہیں کی گئی ہیں ۔