اسلام آباد (طارق محمود سمیر) وفاقی وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال اور ڈپٹی چیئرمین منصوبہ بندی کمیشن ڈاکٹر محمد جہانزیب خان کے درمیان اختلافات پیداہوگئے ہیں جس کی وجہ سے وفاقی وزیرنے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا اور اپنے فیصلے سے وزیراعظم کو بھی آگاہ کردیا تاہم شہباز شریف نے احسن اقبال کو استعفیٰ دینے سے روک دیا اورانہیں معاملات درست کرانے کی یقین دہانی کرادی۔ باخبرذرائع کے مطابق ڈپٹی چیئرمین منصوبہ بندی کمیشن ڈاکٹرمحمد جہانزیب جو پنجاب میں پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ کے عہدے پر فائزرہے اور ماضی میں بطوروزیراعلیٰ شہبازشریف کے بہت قریبی بیورکریٹس میں شامل تھے اور چین کے ساتھ سی پیک منصوبہ شروع ہونے کے بعد سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل میں ڈاکٹرجہانزیب نے اہم کردارادا کیا تھا اور ان منصوبوں کی وجہ سے بطور وزیراعلیٰ وزیراعظم شہبازشریف کو شہبازسپیڈکاخطاب بھی ملاتھا تاہم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے بعد جب احسن اقبال وزیر منصوبہ بندی بنے تو انہوں نے کوشش کرکے ڈاکٹرجہانزیب کو تبدیل کرادیاتھا اور پھر وزیراعظم شہبازشریف نے انہیں اپنا معاون خصوصی مقررکئے رکھا اور جب جنرل عاصم منیرآرمی چیف بنے تو ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ایس آئی ایف سی کا قیام عمل میں لایاگیا تو ڈاکٹرجہانزیب کو اس کا سیکرٹری مقررکیاگیا اور انہیں ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن بھی مقررکردیاگیا،آٹھ فروری کے انتخابات کے بعد وفاقی وزیراحسن اقبال اور ڈاکٹرجہانزیب کے درمیان مثالی ورکنگ ریلیشن شپ قائم نہیں ہوسکی، ذرائع کا کہناہے کہ احسن اقبال اس بات سے ناراض ہیں کہ وہ اپنے حلقے ناروال کیلئے بعض منصوبے شروع کرنا چاہتے ہیں لیکن پلاننگ کمیشن میں ان کی منظوری میں تاخیرہورہی ہے جبکہ دیگراہم وفاقی وزراء کے منصوبوں کی منظوری دیدی گئی ہے ،ذرائع کاکہناہے کہ چند روزقبل احسن اقبال نے وزیراعظم سے ملاقات کرکے انہیں اپنے تحفظات سے آگاہ کیا اور وزارت سے مستعفی ہونے کی پیشکش کی تاہم وزیراعظم نے احسن اقبال کااستعفیٰ قبول کرنے سے انکارکرتے ہوئے کہاکہ وہ بہت جلدان کے اور ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن کے درمیان اختلافات ختم کرانے کی کوشش کریں گے اس بارے میں جب وفاقی وزیراحسن اقبال سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے اپناموبائل اٹینڈ نہیں کیا اور میسج کا بھی جواب نہیں دیا۔
ڈپٹی چیئرمین منصوبہ بندی کمیشن سے اختلافات،احسن اقبال نے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا








