اسلام آباد (اصغر چوہدری ) پاکستان تحریک انصاف کا پارلیمنٹ ہائوس کے اندر بھوک ہڑتالی کیمپ فلاپ احتجاج ثابت ہوا ،ایوان زیریں میں اکثریتی پارٹی کی دعویدارپاکستان تحریک انصاف کے محض چند پارلیمنٹرین علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ میں شریک ہوئے ،قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر شبلی فراز بھی تاخیر سے احتجاج میں شامل ہوئے ، ارکان قومی اسمبلی علی محمد خان اور زرتاج گل نے اپنے نعروں سے علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ کو گرمائے رکھا ۔منگل کو پارلیمنٹ ہائوس کے گیٹ نمبر ایک پر قائم میڈیا سینٹر کے سامنے پی ٹی آئی کے اراکین پارلیمنٹ جن میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر ،سابق سپیکر اسد قیصر، علی محمد خان اور شیخ وقاص اکرم دیگر غیر پارلیمنٹرین کے ہمراہ احتجاجی کیمپ پر آئے تو وہاں محض تین چھوٹی چٹائیاں موجود تھیں جس کے بعد فلک ناز چترالی ،سینیٹر ہمایوں مہمند ،داوڑ کنڈی،،سینیٹر سیف اللہ ابڑو ،لطیف کھوسہ، شبیر علی قریشی، صاحبزادہ صبغت اللہ،ڈاکٹر امجد ،ایم این اے محبوب شاہ، ساجد مہمند ،شہزادہ گستاسپ ،زرتاج گل وزیر ،جنید اکبر خان موجود تھے، تھوڑی دیر حاضری لگانے کے بعد لطیف کھوسہ ،شہزادہ گستاسپ اور جنید اکبر چوہدری واپس چلے گے ،تاہم میڈیا کی بڑی تعداد اور پی ٹی آئی کارکنوں کی وجہ سے کیمپ میں رونق لگی رہی ،پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اس علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ کے حوالے سے خاصے دعوے کیئے جا رہے تھے تاہم دونوں ایوانوں کو ملا کر بھی پی ٹی آئی اپنے ڈیڑھ درجن اراکین پارلیمنٹ کو بھی اس بھوک ہڑتالی کیمپ میں لانے میں ناکام ہوئی ۔
PTI کا پارلیمنٹ ہائوس میں بھوک ہڑتالی کیمپ فلاپ








