لاہور: سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ اب سیاسی منظر نامہ تبدیل ہو چکا ہے، عدلیہ پی ٹی آئی کی نہیں بلکہ اپنی بقاء کی جنگ لڑ رہی ہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نےکہا کہ عدلیہ کو یہ لگا کہ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ پولیس اور نیب کی طرح ہمیں بھی اپنے ماتحت کرنا چاہتی ہے۔
فواد چودھری نے کہاکہ اللہ کرے کہ عظمیٰ بخاری کے خلاف کمپین چلانے والے پکڑے جائیں، اعظم نذیر تارڑ، آصف زرداری اور نواز شریف تاریخ کی غلط سمت پر کھڑے ہیں، آصف زرداری اور نوازشریف کو سوچنا ہوگا کہ کیا وہ مارشل لاء نافذ کرنے والے طالع آزما کی صف میں کھڑا ہونا چاہتے ہیں؟
سابق وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ سپریم کورٹ میں ججز کی تعداد 13 ہونی چاہئے، 17 کی تعداد بھی ایک جج صاحب کے شوق کی وجہ سے ہوئی، سپریم کورٹ میں 56 ہزار کیسز جانا ہمارے نظام انصاف کی ناکامی ہے، ہماری سیشن کورٹس اور دیگر ماتحت عدالتوں کو مضبوط ہونا چاہئے۔
انہوں نے کہاکہ حکومت سے گزارش کروں گا کہ اپنے لوگوں سے پوچھیں کہ آج عدالت میں کیا ہوا ہے؟ اگر آپ عدالت کے سامنے ٹھیک ثبوت نہیں رکھیں گے تو وہ کیا فیصلہ کرے گی؟ ریمانڈ اس لئے ہوتا ہے کہ آپ ملزم کو جج کے سامنے پیش کریں گے۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اگر ملزم کا ریمانڈ دیتے وقت جج کے سامنے پیش ہی نہیں کرنا تو اس کا کیا فائدہ ہے؟ اب اگر بانی پی ٹی آئی کا ریمانڈ لینا ہے تو انہیں ذاتی طور پر پیش کرنا ہوگا۔








