بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

جماعت اسلامی ہر صورت اسلام آباد پہنچے گی،امیر العظیم

 

اسلام آباد :سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے جماعت اسلامی کے ذمہ داران اور کارکنان کی ملک بھر میں گرفتاریوں، دفاتر جماعت اور گھروں پر چھاپوں پر پرزور مذمت کرتے ہوئے اس عہد کا اعادہ کیا ہے کہ جماعت اسلامی ہر صورت اسلام آباد پہنچے گی، دھرنا دیں گے اور عوام کو ریلیف دلائیں گے۔
منصورہ سے جاری بیان میں انھوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی کی قوم سے اپیل ہے کہ اپنے حق کے لیے گھروں سے باہر نکلیں۔
انھوں نے کہا کہ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے، سیکڑوں لوگ گرفتار ہو چکے ہیں، قافلوں کو روکا اور مظاہرین کو گرفتار کیا جا رہا ہے، حکمران ہمارے راستے میں دیواریں کھڑی نہیں کر سکتے، فاشسٹ ہتھکنڈوں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ کارکنان احتیاط برتتے ہوئے پوری طاقت سے آگے بڑھیں، اسلام آباد میں اکٹھے ہوں گے اور حکومت کو مجبور کریں گے کہ وہ بجلی کے ٹیرف کو کم کرے، آئی پی پیز معاہدوں کا فرنزاک کرے، ان ظالمانہ معاہدوں کو ختم کیا جائے، ٹیکسوں میں کمی کرے اور مہنگائی واپس لے۔

دریں اثنا پنجاب کے مختلف اضلاع میں پولیس نے جماعت اسلامی ذمہ داران اور کارکنان کے گھروں پر چھاپے مار کر چادر چاردیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے سیکڑوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ منصورہ میں شعبہ نشرواشاعت کی جانب سے تاحال اکٹھی کی جانے والی تفصیلات کے مطابق بہاولپور،وہاڑی، نارووال، ساہیوال، مریدکے، لاہور، گجرات، کھاریاں، سرگودھا، حسن ابدال،میانوالی، منڈی بہاؤالدین اور دیگر شہروں سے لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔