پشاور: ہائی کورٹ نے کرپشن کے الزام پر برطرف کیے گئے ججز سمیت 11 جوڈیشل افسران عہدوں پر بحال کردیے۔
تفصیلات کے مطابق ملازمت سے برطرف کیے گئے ڈسٹرکٹ سیشن جج، 6 ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ججز سمیت 11 جوڈیشل افسران کی درخواستوں پر سماعت پشاور ہائی کورٹ میں ہوئی، جس میں عدالت نے 11 جوڈیشل افسران کی اپیلیں منظور کرتے ہوئے انہیں عہدوں پر بحال کردیا۔
ریفری جج جسٹس نعیم انور کے روبرو سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ کرپشن کے الزام پر 11 جوڈیشل افسران کو 2017 میں عہدوں سے برطرف کیا گیا تھا۔ جوڈیشل افسران کو جن الزامات پر برطرف کیا گیا ان کے کوئی ثبوت موجود نہیں ہیں۔
وکیل نے بتایا کہ گریڈ 18، 19، 20، 21 کے جوڈیشل افسران ہیں، جنہیں صفائی کا موقع فراہم کیے بغیر عہدوں سے برطرف کیا گیا۔ اے سی آر میں کہیں پر ثابت نہیں ہوتا کہ کرپشن کی یا کرپشن کے الزامات ثابت ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس شکیل احمد نے اپیلوں پر مختلف فیصلے صادر کیے۔ جسٹس شکیل احمد نے افسران کو بحال کیا اور جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے اپیلیں خارج کیں، جس کے بعد ججز کی جانب سے مختلف آرا آنے کے بعد کیس کو ریفری جج کے پاس بھیجا گیا۔