بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پہلے فوجی آمرکے پوتے عمرایوب کی خفیہ ملاقاتیں

اسلام آباد(طارق محمود سمیر) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے جب سے صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لیکر اور تحریک انصاف کے بعض سینئر رہنمائوں کے مشورے پر آرمی چیف جنرل عاصم منیرکو پیغامات بھجوانے اور انہیں نیوٹرل ہونے کے بیانات دلوائے ہیں
میڈیا میں ایک نئی بحث شروع ہوگئی ہے ، تحریک انصاف کے بعض سینئر رہنمائوں نے نجی محفلوں میں یہ کہنا شروع کردیا ہے کہ ان کے رابطے ہوگئے ہیں جبکہ اسٹیبلشمنٹ اور تحریک انصاف کے درمیان اختلافات پیدا کرانے کا الزام حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) پر عائد کردیا گیا ہے جوکسی طور پر بھی درست نہیں ہے اور نہ ہی کوئی شخص اس بات کو تسلیم کرنے کیلئے تیار ہے، عمران خان پر ان کے سیاسی مخالفین یہ الزامات عائدکرتے ہیں کہ وہ اسٹیبلشمنٹ کی پیداوار ہیں اس بات میںکافی حد تک وزن ہے اور عمران خان خود بھی یہ اعتراف کرچکے ہیںکہ 2018کے انتخابات کے موقع پر اسٹیبلشمنٹ نے ان کی مددکی تھی۔ عمران خان جب سے اقتدار سے محروم ہوئے تو انہوں نے بیانات میں بار بار سابق آرمی چیف جنرل(ر) قمر جاوید باجوہ کوکہاکہ فوج اور آرمی چیف نیوٹرل نہ بنیں کیونکہ نیوٹرل تو جانور ہوتا ہے ، یہ حقیقت ہے جب پی ڈی ایم نے تحریک عدم اعتماد پیش کی اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل ہوگئی تھی اور ایم کیو ایم ، ق لیگ اور دیگر چھوٹی جماعتیں پی ٹی آئی کا ساتھ چھوڑ کر وزیراعظم شہبازشریف کے ساتھ کھڑی ہوگئیں تاہم سابق آرمی چیف نے عمران خان کو اپنی وفاداری کا یقین دلانے اور اس خدشے کے پیش نظرکہ انہیںکہیں آرمی چیف کے عہدے سے برطرف نہ کردیا جائے ، ق لیگ کے سابق رہنما چودھری پرویز الٰہی کو آخری لمحات میں عمران خان کا اتحادی بنوا دیا ،حالات بدلے، پی ڈی ایم آگئی ، عمران خان اور فوج آمنے سامنے آگئے ، نیا آرمی چیف مقرر ہوگیا پھر بھی صورتحال بہتر نہ ہوئی اور عمران خان مسلسل اسٹیبلشمنٹ کو دبائو میں لانے کیلئے نہ صرف خود بیانات دیتے رہے بلکہ سوشل میڈیا کے ذریعے فوج اور اس کی قیادت کے خلاف پروپیگنڈا بھی کرایا گیا، گزشتہ چند دنوں سے پاکستان کے پہلے فوجی آمر فیلڈ مارشل ایوب خان کے پوتے اپوزیشن لیڈر عمرایوب خان کی سرگرمیاں اور خفیہ ملاقاتوںکی اطلاعات سامنے آرہی ہیں اور پی ٹی آئی کے بعض رہنما یہ تاثر دے رہے ہیں کہ ان کی کہیں نہ کہیں بات ہوگئی ہے اسی لئے سب سے پہلے عمر ایوب نے یہ دعویٰ کیا کہ دسمبر میں الیکشن ہوںگے اور آرمی چیف کیلئے اڈیالہ جیل سے پیغام بھی آیا ہے کہ وہ اس حکومت کا ساتھ دینا چھوڑدیں پھر دوسرے دن عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے ملاقات کے بعد بیان دیا کہ عمران خان نے واضح طور پرکہا ہے کہ آرمی چیف نیوٹرل ہو جائیں اور ملک کو چلنے دیں، علیمہ خان اور عمر ایوب کی باتوں کی جب تک وضاحت یا تردید نہیںکی جاتی انہیں درست تسلیم کرنا چاہیے ،کہا جارہا ہے کہ جب تک 9مئی کے واقعے پر عمران خان کھل کر معافی نہیں مانگیںگے، اسٹیبلشمنٹ سے کوئی بات نہیں ہوسکتی ،دوسری جانب عمر ایوب کی سرگرمیوںکے حوالے سے بھی مختلف رپورٹس تیار ہوئی ہیں ، یہ ان چند رہنمائو ں میں شمار کئے جاتے ہیں جو بھرپورکوشش کے باوجودگرفتار نہیں ہوسکے اور بعض غیر مصدقہ اطلاعات یہ تھیںکہ فوج کے ریٹائرڈ سینئر افسر نے انہیں اپنے ہاں پناہ دے رکھی تھی اور اسی وجہ سے اس افسر سے استعفیٰ بھی لیا گیا تھا، ایک انٹرویو میں جب عمر ایوب سے یہ پوچھا گیا کہ اگر وزیراعظم شہبازشریف کی حکومت آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کرتی ہے تو پی ٹی آئی کا کیا رعمل ہوگیا تو عمر ایوب نے کہا کہ ابھی اس کا وقت نہیں آیا، جب توسیع دی جائیگی تو اس وقت دیکھا جائے گا،دوسری جانب وفاقی وزیر پٹرولیم مصدق ملک نے بڑی جذباتی پریس کانفرنس کی ہے جس میں انہوں نے پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دعوت دی اور دوسری طرف عمران خان اور ان کے حامیوں پر طنزکے خوب تیر چلائے کہ ایک وقت میں عمران خان آرمی چیف کو باپ کہا کرتے تھے تو ان کے چیلے مدح سرائی کیلئے واہ واہ کرتے تھے پھر جب اسے میر جعفر اور میر صادق کہا تو حامیوں نے واہ واہ کیا ، جب امریکی سازش کا بیانیہ بنایا گیا تو اس کی بھی تائیدکی گئی ، اب امریکہ سے مدد مانگی جارہی ہے کہ فوج ہمارے خلاف کارروائی کر رہی ہے ، امریکی کانگریس سے قرارداد بھی پاس کرائی گئی ہے ، کبھی یہ کہتے تھے قبر تک اسٹیبلمشنٹ کا پیچھا کریں گے یہ کیسے لیڈر ہیں، ہم اس سب کے باوجود انہیںکہتے ہیں معاملات سلجھائیں مذاکرات کی طرف آئیں ، پی ٹی آئی کو پہلی مرتبہ نہیں پہلے بھی کئی مرتبہ مذاکرات کی پیشکش ہوچکی ہے لیکن وہ صرف اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنا چاہتے ہیں ، بیرسٹر گوہرکا ردعمل بڑا دلچسپ ہے وہ کہتے ہیں مذاکرات کی دعوت دینے کا جو طریقہ کار اپنایا گیا وہ درست نہیں، ایک طرف مذاکرات کی دعوت دی جاتی ہے دوسری طرف ہمیں جلسے کی بھی اجازت نہیں، قومی اسمبلی کا اجلاس 30جولائی کو طلب کیا گیا ہے اور آئندہ چند روز میں الیکشن کمیشن 39تحریک انصاف کے ارکان کے تناسب سے مخصوص نشستوںکا فیصلہ کرے گا،دیکھنا یہ ہے کہ الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے بعدکیا سپیکر سردار ایاز صادق پی ٹی آئی کے ان ارکان سے حلف لیں گے یا معاملے کو التواء کا شکارکیا جائیگا۔