بھارتی فوج کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں رواں ماہ مختلف واقعات میں قابض بھارتی فوج کے 11 فوجی ہلاک ہوئے۔
نجی اخبار کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ ’دو سے تین لوگوں کے ایک گروپ‘ نے لائن آف کنٹرول کو عبور کرکے کپواڑہ میں بھارتی فوجی چوکی پر حملہ کیا،
بھارتی فوج کی جانب سے جاری بیان میں الزم لگایا گیا کہ مسلح گروپ نے بھارتی فوج کی چوکی پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ڈیوٹی پر موجود دو فوجی جوان زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
اس دوران ایک بھارتی فوجی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا، اور دوسرے فوجی اب بھی ہسپتال میں زیر علاج ہے، تاہم اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
بھارتی فوج نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک حملہ آور مارا گیا، اس کے پاس سے اسلحہ، گولہ بارود اور جنگی سامان برآمد ہوا۔
واضح رہے کہ بھارتی فوج کے دعوے کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں یہ رواں ماہ ہلاک ہونے والا 11واں فوجی ہے۔









