بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

 ’’مجھ سے پلیزبات کرو‘‘کے نام سے نئی فلم آگئی، عطاء تارڑبانی پی ٹی آئی کے بیان پرردعمل

اسلام آباد(ممتازنیوز)وزیراطلاعات ونشریات عطاء اللہ تارڑنے کہاہے کہ  ’’مجھ سے پلیزبات کرو‘‘کے نام سے نئی فلم آگئی،بانی پی ٹی آئی اب مذاکرات کےلئے منتیں کررہی ہیں۔  پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیاسے گفتگو کرتےہوئے عطاء تارڑنے کہاکہ ادارے کا نیوٹرل ہوناشایدبانی پی ٹی آئی کو قبو ل نہیں،نیوٹرل تو جانورہوتا ہے کابیان بانی پی ٹی آئی نے ہی دیاتھا۔

انہوں نے کہاکہ آپ 9 مئی کے حملے کرتے ہیں، شہداءکی یادگاروں کو مسمار کرتے ہیں، آپ کے جرائم کی فہرست بہت طویل ہے جو ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی، آپ قومی سلامتی کے اداروں اور ملک کی سلامتی کے لئے خطرہ پیدا کرتے ہیں، وزیر اطلاعات نے کہاکہ کور کمانڈر ہاؤس کے باہر آپ کی بہنیں موجود تھیں، آپ جھوٹا بیانیہ گھڑتے ہیں اور عوام کو گمراہ کرتے ہیں، آپ کبھی گریبان پکڑتے ہیں اور کبھی پاؤں میں گرتے ہیں، انہوں نے کہاکہ ملک کی سلامتی پر کوئی کمپرو مائز نہیں کیا جائے گا، آپ ملک کی سلامتی کے لئے سیکورٹی رسک ہیں،   وزیر اطلاعات نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی نے ملکی مفادات کے خلاف سیاست کی،آپ کی پارٹی کے لوگ کہتے رہے کہ خان نہیں تو پاکستان نہیں، انہوں نے خیبر پختونخوا میں دہشت گردوں کو واپس لایا، آج وہاں حالات خراب ہیں، 11 سال سے یہ خیبر پختونخوا میں حکومت کر رہے ہیں، امن کے قیام کے لئے انہوں نے کیا اقدامات کئے؟ پی ٹی آئی نے سوشل میڈیا پر اداروں کے خلاف منظم مہم چلائی، وزیر اطلاعات نے کہاکہ 2018ءمیں ہم ترقی کرتا ہوا پاکستان چھوڑ کر گئے تھے، انہوں نے ملک کو تباہی کے دھانے پر پہنچایا، آج ہم معاشی اصلاحات کے ایجنڈے پر گامزن ہیں، آج معیشت کے حوالے سے اچھی خبریں آ رہی ہیں، وزیر اطلاعات نے کہاکہ آج ہماری برآمدات میں 3 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے، تمام معاشی اشاریئے بتا رہے ہیں کہ معیشت میں بہتری آ رہی ہے، موجودہ حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، وزیر اطلاعات نے کہاکہ آپ نے معیشت کی بحالی کے لئے کیا اقدامات کئے؟ یہ ملک دشمن ایجنڈے کو دیکھتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ مجھ سے بات کرلو،  یہ 9 مئی کا اعتراف بھی کرتے ہیں اور پولی گراف ٹیسٹ سے بھی بھاگتے ہیں، یہ اس لئے پولی گراف ٹیسٹ سے بھاگتے ہیں کہ سچ ثابت ہو جائے گا، ان کے ترلے منت کے پروگرام اس بات کا شاخسانہ ہے کہ ان کا ایک سیل پکڑا گیا ہے اس میں شواہد موجود ہیں۔