اسلام آباد:پاکستان بار کونسل کے انتخابات چئیرمین پاکستان بار کونسل منصور عثمان اعوان کی نگرانی میں آج اسلام آباد میں سپریم کورٹ پاکستان بار کے آفس میں ہوئے۔ جہاں فاروق ایچ نائیک پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین جبکہ ریاضت علی چئیرمین ایگزیکٹو کمیٹی پاکستان بار منتخب ہوئے۔
اس موقع پر پاکستان بار کونسل کے نومنتخب وائس چئیرمین فاروق ایچ نائیک نے اپنے بیان میں کہا کہ آئین میں اداروں کے اختیارات کی تقسیم کردی گئی ہے، پارلیمنٹ کا کام قانون سازی کرنا ہے۔
فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ عدلیہ کا کام قانون سازی کی تشریح کرنا ہے، انتظامیہ کا کام فیصلوں پر عملدرآمد کرنا ہے، تمام اداروں کو اپنی حدود قیود میں رہ کر کام کرنا چاہیے۔ پاکستان بار کونسل پارلیمنٹ کے قانون سازی کے اختیارات کے ساتھ کھڑی ہے۔