بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

جماعت اسلامی مذاکرات میں ڈیڈلاک ،حافظ نعیم الرحمان نے دودن کا الٹی میٹم کیوں دیا؟

اسلام آباد(طارق محمودسمیر)جماعت اسلامی اور حکومت کے درمیان دھرنے کے خاتمے کےلئے ہونے والے مذاکرات میں ڈیڈلاک پیدا ہوگیا ہے اور جماعت اسلامی کی قیادت نے مطالبات تسلیم کرانے کےلئے دو دن کی ڈیڈلائن بھی دےدی ہے ، دوسری جانب آئی پی پیز کے ایسے معاہدوں جن کو ختم کرنے کی صورت میں پاکستان کو نقصان ہونے کا کم امکان ہے ان معاہدوں کو ختم کرنے یا ان پر نظرثانی کرنے کےلئے مشاورت کا عمل تیز ہوگیا ہے ، حکومت کےلئے ایک طرف آئی ایم ایف کے ساتھ طے پانے والے معاہدوں پر عمل درآمد اور دوسری جانب بجلی کی قیمتوں کے معاملے پر عوامی دبائو کا بھی سامنا ہے ،جماعت اسلامی کے موثر اور کامیاب دھرنے کے بعد ایم کیو ایم نے بھی آئی پی پیز معاہدوں پر نظر ثانی اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کےلئے وزیراعظم کو باضابطہ تجاویز پیش کردی ہیں ، حکومتی مذاکراتی کمیٹی نے وزیراعظم شہبازشریف کو جماعت اسلامی کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کی تفصیلات سے بھی آگاہ کردیا ہے ، اس موقع پر وزارت توانائی کے حکام نے مذاکراتی کمیٹی سے کہا ہے کہ نہ تو آئی پی پیز معاہدے فوری طور پر ختم کئے جاسکتے ہیں اور نہ ہی بجلی کی قیمتوں میں اتنی کمی کی جاسکتی ہے جس سے آئی ایم ایف کےساتھ معاہدے کی خلاف ورزی ہوتو اس کی وجہ سے آئی ایم ایف کےساتھ تین سالہ پروگرام کی ڈیل پر منفی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے ، وزیراعظم نے مذاکراتی کمیٹی سے کہا ہے کہ وہ جماعت اسلامی کےساتھ بات چیت کا عمل جاری رکھے اور انہیں صورتحال سے آگاہ کرکے دھرنا ختم کرایا جائے ، اووربلنگ کی شکایات پر ایف آئی اے کی کارروائی پر وزارت توانائی ناراض ہوگئی ہے اور کرپشن اور بدعنوانی میں ملوث افسران کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے ایف آئی اے پر الزامات عائد کردیے گئے ہیں حالانکہ وزیراعظم کی ہدایت پر وزیرداخلہ محسن نقوی نے تحقیقات کرائی تھیں ، نیپرا کی رپورٹ میں بھی اووربلنگ کا انکشاف کیا گیا ہے ، نہ جانے وزارت توانائی کو اس معاملے میں کارروائی کرنے میں کونسی رکاوٹ ہے،دوسری جانب وزیر اطلاعات ونشریات عطاتارڑ نے ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور مصطفیٰ کمال کی وزیراعظم سے ملاقات کے بعد ایک پریس کانفر نس کی ہے جس میں انہوں نے اس بات کا عندیہ دیا ہے کہ آئی پی پیز پر نظر ثانی کے حوالے سے مشاورت اور معاملات چل رہے ہیں ، اووربلنگ کی شکایات کے ازالے کےلئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں ، بجلی ڈسٹریبیوشن کی نجکاری بھی جائےگی اور ڈسکوز کو سیاسی مداخلت سے پاک کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ،عطاتارڑ کی یہ بات اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ حکومت کسی نہ کسی طریقے سے عوام کو بجلی کے معاملے پر ریلیف دینا چاہتی ہے لیکن اس کے ہاتھ پائوں بندھے ہوئے ہیں ، آئی پی پیز معاہدےفوری طور پر ختم نہیں ہوسکتے البتہ پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ معاملات طے ہوسکتے ہیں اور اس حوالےسے وزارت قانون اور اٹارنی جنرل آفس سے بھی رائے لی جائے گی اور وزیر توانائی کو ٹاسک دیا گیا ہے کہ وہ چالیس پاکستانی آئی پی پیز کمپنیوں کےساتھ سنجیدہ مذاکرات کر کے معاہدوں پر نظر ثانی کا فریم ورک وزیراعظم کو پیش کریں ۔ دوسری جانب لاہور میں بارش کا 44سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے ، دوافراد جاں بحق جبکہ سات زخمی ہوئے ہیں ، مختلف علاقوں میںچار سے پانچ گھنٹے تک پانی کھڑا رہا ، سینئر وزیر مریم اورنگزیب میدان میں نکلیں ، چیف سیکرٹری کے ہمراہ مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور دوسے تین گھنٹے کی کوششوں کے بعد 80فیصد علاقوں میں پانی کی نکاسی یقینی بنائی گئی ، ریسکیو کے عملے نے بھی محنت کی ،و زیراعلیٰ مریم نواز امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کرتی رہیں اور سینئر وزیرا تمام صورتحال سے انہیں لمحہ بہ لمحہ آگاہ کرتی رہیں تاہم سوشل میڈیا پر وزیراعلیٰ مریم نواز کی یکم جولائی کو ہونے والی بارش کے موقع پر لاہور کے ایک علاقے کے دورے کی ویڈیو سابق وزیراطلاعات فواد چودھری سمیت تحریک انصاف کے بعض رہنمائوں نے سوشل میڈیا پر شیئر کی جس کے ذریعے یہ منفی پراپیگنڈہ کیا گیا کہ وزیراعلیٰ نے ان علاقوں کا دورہ کیا جہاں کم پانی کھڑا تھا ، جب اس کی حقیقت چیک کی گئی تو پتہ چلا کہ یہ پرانی ویڈیو ہے اور اسے پروپیگنڈے کےلئے وائرل کیا گیا تھا اور وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے اپنی پریس کانفرس میں وائرل ویڈیو پر اپنا موقف دیا، روزنامہ ممتاز کو حکومتی ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز آج لاہور میں موجود نہیں تھیں بلکہ وہ گزشتہ رات سابق وزیراعظم اور ن لیگ کے صدرمیاں نوازشریف کے ہمراہ مری آئی تھیں اور مری سے ہی بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر مریم اورنگزیب ، چیف سیکرٹری اور دیگر سینئر حکام سے مسلسل ٹیلیفون پر رابطے میں رہیں ۔