انقرہ ( ممتازرپورٹ)ترکیہ میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر یوسف جنید نے کہا ہے کہ ترکیہ کی پوری قوم پاکستان اور کشمیر کاز سے جذباتی وابستگی رکھتی ہے۔وہ پاکستان سے آئے کشمیری وفد سے پاک ترک دوطرفہ تعلقات اور ترکیہ میں کشمیر کاز سے متعلق جاری سرگرمیوں کے بارے میں بریف کررہے تھے ۔کشمیری قائدین کے وفد نے چوہدری لطیف اکبر سپیکر قانون ساز اسمبلی اور سینئر پارلیمانی رہنماو ں کی سربراہی میں انقرہ ترکیہ میں سفیر پاکستان ڈاکٹریوسف جنید کی دعوت پر سفارت خانے کا دورہ کیا۔ سفیر پاکستان نے وفد کو پاک ترک دوطرفہ تعلقات اور ترکیہ میں کشمیر کاز سے متعلق جاری سرگرمیوں کے بارے میں بریف کرتے ہو ئے کہا کہ پوری قوم پاکستان اور کشمیر کاز سے جذباتی وابستگی رکھتی ہے ،تر کیہ کی آزادی کی تحریک میں برصغیر کے مسلمانو ں کی طرف سے معاونت ترکیہ کے ہر شہری کے دل پر نقش ہے، بالخصوص صدر ایردوآن تمام فورمز پر کشمیر کاز کی بھرپور ترجمانی کرتے رہے ہیں۔وفد نے کشمیر ی اور پاکستانی طلبہ کودرپیش مسائل کے حوالے سے سفیر پاکستان کو متوجہ کیا اور مودی حکومت کے بھیانک عزائم بے نقاب کرنے کےلئے سفارتی محاز پر موثر حکمت عملی تشکیل دینے کےلئے تجاویز پیش کیںبالخصوص ذرائع ابلاغ اور دانش گاہوں میں مودی کی ہندواتوا پالیسیوں کو بے نقاب کرنے کےلئے متوجہ کیا۔سفیر پاکستان نے وفد کے دورے کا خیر مقدم کرتے ہوئے پیش کی گئی تجاویز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ کشمیری قیادت کے ایسے دوروں کا تسلسل جاری رکھا جائےگا، تمام پارٹیوں پر مشتمل یہ وفد قومی یکجہتی کا بہترین مظہر ہے ،یہ سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔وفد کے دیگراراکین میں راجہ محمد فاروق حیدر خان سابق وزیراعظم آزاد کشمیر کے علاوہ شاہ غلام قادر سابق سپیکر اور صدرمسلم لیگ (ن)آزاد کشمیر ،عبد الرشید ترابی سا بق امیر جماعت آزاد کشمیر و ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالماجد خان ،وزیر حکومت چویدری اظہر صادق ،وزیر حکومت چوہدری بشارت حسین سیکرٹری اسمبلی شامل تھے معروف پاکستانی بزنس مین ایاز غنی یوسف یلماز اور سفارتی عملہ بھی ملاقات میں موجود تھے۔










